مودی حکومت کشمیری پنڈتوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام: سنجے سنگھ
نئی دہلی، جون ۔ عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر سنجے سنگھ نے کہا کہ کشمیر میں دہشت گردوں کے ہاتھوں کشمیری پنڈتوں کو بے دردی سے مارا جا رہا ہے اور مرکز کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت انہیں تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ جس کی وجہ سے کشمیری پنڈتوں کی بڑی تعداد میں ہجرت ہورہی ہے۔ راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ نے جمعہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ آج کشمیر کے مختلف حصوں سے دردناک باتیں سننے کو مل رہی ہیں، جس کی وجہ سے پورا ملک غمزدہ اور تکلیف میں ہے۔ کشمیری پنڈتوں کی بڑی تعداد میں ہجرت ہورہی ہے۔ کشمیری پنڈت اپنے ہی ملک میں پردیسی اور بے گانے ہو چکے ہیں۔ کشمیر کے ایک حصے میں دہشت گردوں کے ہاتھوں کشمیری پنڈتوں کو بے دردی سے قتل کیا جا رہا ہے۔ حکومت انہیں تحفظ فراہم کرنے کے قابل نہیں ہے۔ انہیں اپنی ہی کالونیوں میں قید کردیا گیا ہے۔ احتجاج کرنے، آواز بلند کرنے اور سیکورٹی کی بات کرنے پر انہیں لاٹھیوں سے پیٹا جا رہا ہے، آنسو گیس کے گولے داغے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت اور وزیر داخلہ امت شاہ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ ان کا جرم کیا ہے؟ آج مرکز میں آپ کی حکومت ہے۔ کشمیری پنڈتوں کی حفاظت کی فکر کرنے کے بجائے آپ کی ساری فکر اس بات پر ہے کہ اپوزیشن کے لیڈران کو کس طرح پھنسایا جائے گا۔ انکو آپ کی ان ملاقاتوں کی نوٹنکی نہیں چاہئے۔میٹنگوں کے بعد لمبی تقریروں کی ضرورت نہیں ہے۔ کشمیری پنڈتوں کو تحفظ کی ضرورت ہے۔ آپ جلسوں اور بڑی بڑی باتیں کرکے ایک بار نہیں بلکہ کئی بار ملک کو گمراہ کرچکے ہیں۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ میں پورے ملک کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ کشمیری پنڈتوں کی ہجرت دو مواقع پر ہوئی ہے۔ 1990 میں جب کشمیری پنڈت بڑی تعداد میں بھاگے تو مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حمایت یافتہ حکومت تھی۔ ان کا لیڈر جگموہن کشمیر کا گورنر تھا۔ جنہیں بعد میں مودی حکومت نے پدم شری سے نوازا تھا۔ دوسرا آج اس ملک کو شرمناک اور افسوسناک منظر دیکھنے کو مل رہا ہے جب کشمیری پنڈت اپنے چھوٹے بچوں، بوڑھے والدین، بیوی کے ساتھ کشمیر سے ہجرت کر رہے ہیں کیونکہ انہیں خطرہ ہے کہ انہیں کسی بھی وقت مار دیا جائے گا۔ مودی حکومت اور ملک کے وزیر داخلہ امیت شاہ انہیں سیکورٹی دینے میں مکمل طور پر ناکام رہے ہیں۔ یہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ اس کا چہرہ پورے ملک کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ یہ لوگ بڑے بڑے وعدے کرتے تھے کہ وہ دہشت گردی کو روکیں گے، کشمیر میں صنعتیں لگائیں گے، کشمیر میں روزگار آجائے گا، کشمیر میں لوگ زمینیں خریدیں گے اور کشمیری پنڈتوں کو لے جاکر آباد کیا جائے گا۔ کشمیری پنڈتوں کو آباد کرنا تو دور کی بات، جو کشمیری پنڈت وہاں پر بچے تھے، انہیں بی جے پی حکومت کے دور میں وہاں سے ہجرت کرنی پڑرہی ہے، انہیں قتل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کو تحفظ فراہم کریں، انہیں تحفظ کی ضرورت ہے۔ کشمیر فائلز فلم بنا کر آپ نے کئی مہینوں تک پورے ملک میں رونا دھونا، مباحثے چلانا، ان کا درد بیچنے اور سیاست کرنے کا کام کیا ہے۔ لیکن آج جب واقعی ان پر مصیبت آئی ہے اور انہیں قتل کیا جارہا ہے تو سات دروازے کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں۔ اب کشمیری پنڈتوں اور ان کی حفاظت کی کوئی فکر نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس لیے میں حکومت کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ وہ جلد ہی سخت سے سخت قدم اٹھائے اور ان دہشت گردوں کا صفایا کیجیئے جنہوں نے کشمیری پنڈتوں کو قتل کیا ہے۔ ہم وہ کارروائی چاہتے ہیں، نہ کہ آپ کی میٹنگ اور نوٹنکی۔