سپریم کورٹ کی دیشمکھ کی ضمانت کی عرضی پر جلد سماعت کی ہدایت
نئی دہلی، مئی۔سپریم کورٹ نے منگل کو بمبئی ہائی کورٹ سے کہا کہ وہ ’منی لانڈرنگ‘ کے الزامات کا سامنا کررہے مہاراشٹر کے سابق وزیر داخلہ اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے رہنما انل دیشمکھ کی ضمانت کی عرضی پر جلد سماعت کرے۔جسٹس اجے رستوگی اور جسٹس بی وی ناگرتنا کی بنچ نے این سی پی لیڈر دیشمکھ کی فریاد پر جلد سماعت کے لیے ہائی کورٹ میں عرضی داخل کرنے کی اجازت دیتے ہوئے متعلقہ بینچ کو تیز ی سے سماعت کرنے کی ہدایت دی۔بنچ نے دیش مکھ کی ضمانت کی عرضی پر ہائی کورٹ کے بار بار روک لگانے سے متعلق (دیش مکھ کے ذریعہ)سوالات اٹھانے والی عرضی کو بھی نمٹا دیا۔عرضی گزار کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کپل سبل نے سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ وہ (دیش مکھ) 73 سال کے ہیں۔ بہت بیمار ہیں۔ ان کی عرضی 25 مارچ کو دائر کی گئی تھی لیکن ابھی تک اس کی سماعت نہیں ہوئی ہے۔بنچ کے سامنے بحث کرتے ہوئے مسٹر سبل نے استدعا کی کہ میں (دیش مکھ) صرف یہ چاہتا ہوں کہ میری درخواست کی سماعت کی جائے۔ اس پر دوبارہ سماعت کے لیے غور کیا جائے۔سپریم کورٹ نے اس حقیقت کا نوٹس لیا کہ مہاراشٹر کے سابق وزیر کی ضمانت کی عرضی تین مواقع پر سماعت کے لیے فہرست زد تھی، لیکن وقت کی کمی کی وجہ سے اس کی سماعت نہیں ہو سکی۔