صدر جمہوریہ جمیکا، سینٹ ونسنٹ گریناڈینس کے دورے پرجائیں گے
نئی دہلی، مئی۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند 15 مئی سے 21 مئی تک کیریبائی جزیروں کے ممالک جمیکا اور سینٹ ونسنٹ گریناڈینس کا دورہ کریں گے۔ وزارت خارجہ میں سکریٹری (مشرق) سوربھ کمار نے آج یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ صدر جمہوریہ ہند کا ان کیریبیائی ممالک کا یہ پہلا دورہ ہے۔ مسٹر کووند 15 سے 18 مئی تک جمیکا اور 18 سے 21 مئی تک سینٹ ونسنٹ گریناڈینس کا دورہ کریں گے۔ ان کے ساتھ ان کی اہلیہ محترمہ سویتا کووند، مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ پنکج چودھری، ممبران پارلیمنٹ ستیش گوتم اور محترمہ رما دیوی بھی ہوں گی۔ صدر جمہوریہ دونوں ممالک کی کرکٹ ایسوسی ایشن کے تحت نوجوان کرکٹرز کو تحفے کے طور پر کرکٹ کٹس دیں گے۔ مسٹر کمار نے بتایا کہ صدر جمہوریہ کا جمیکا دورہ ہند۔ جمیکا دو طرفہ تعلقات کے قیام کی 68 ویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہا ہے۔ جمیکا میں، جس میں تقریباً 70,000 مقیم تارکین وطن ہیں، صدر مسٹر کووند، گورنر جنرل پیٹرک ایلن اور وزیر اعظم اینڈریو ہولنس سے ملاقات کریں گے اور وہاں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔ اس دوران جمیکا کے دارالحکومت کنگسٹن میں ایک سڑک کو ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ صدر مملکت کنگسٹن میں انڈیا۔ جمیکا فرینڈشپ پارک کا افتتاح کریں گے اور اس میں صندل کا پودا بھی لگائیں گے۔ مسٹر کووند ہندوستانی تارکین وطن کے استقبالیہ تقریب سے بھی خطاب کریں گے۔