آسام کانگریس کے سابق صدر رپن بورا ترنمول میں شامل
کولکتہ، اپریل۔آسام ریاستی کانگریس کے سابق صدر رپن بورا اتوار کو پارٹی چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں شامل ہو گئے۔آسام کے سابق وزیر بورا نے یہاں ترنمول کے قومی جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی کی موجودگی میں پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ش ترنمول کانگریس نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر کہا ’’ مسٹر روپن بورا کا استقبال کرتے ہوئے ہمیں کافی خوشی ہورہی ہے۔ وہ پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ابھیشیک کی موجودگی میں ترنمول کے خاندان میں شامل ہوئے۔اس سے پہلے راجیہ سبھا کے سابق رکن پارلیمنٹ نے یہ کہتے ہوئے کانگریس چھوڑ دی تھی کہ انہیں ’’استعفی دینے پر مجبور کیا گیا‘‘۔کانگریس صدر سونیا گاندھی کو اپنے استعفیٰ نامے میں مسٹر بورا نے پارٹی میں ’’اندرونی خلفشار‘‘ کا حوالہ دیا۔ انہوں نے خط میں کہا ’’ملک کے اس نازک موڑ پر بی جے پی کو روکنے کے لیے متحد اور جارحانہ انداز میں لڑنے کے بجائے، اس پرانی پارٹی کے مختلف سطحوں پر لیڈران اپنے ذاتی مفادات کے لیے ایک دوسرے سے لڑ رہے ہیں‘‘۔مسٹر بورا کا خیرمقدم کرتے ہوئے مسٹر بنرجی نے انہیں ایک ’مضبوط اور موثر سیاست دان‘ کے طور پر بیان کیا۔ ترنمول کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ مسٹر بنرجی مسٹر بورا کو پارٹی کا نشان پہناتے ہوئے ان کا خیر مقدم کررہے ہیں۔مسٹر بنرجی نے ٹویٹ کیا ’’مسٹر بورا ایک مضبوط اور موثر سیاست دان ہیں جو آج ترنمول خاندان میں شامل ہوئے ہیں۔ ان کا پرتپاک استقبال‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ہم آپ کو پارٹی میں شامل کر کے بہت خوش ہیں اور اپنے لوگوں کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں‘‘!مسٹر بورا آسام کے وزیر کی حیثیت سے پنچایت، دیہی ترقی اور تعلیم جیسے قلمدان سنبھال چکے ہیں۔