صدر کووند ایمسٹرڈیم پہنچے کیوکین ہاف میں دنیا کے مشہور ٹیولپ گارڈن کا دورہ کیا
نئی دہلی، اپریل۔ صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند پیر کی سہ پہر تین روزہ سرکاری دورے پر نیدرلینڈ کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم پہنچے اور کیوکین ہاف میں واقع دنیا کے مشہور ٹیولپ گارڈن کا دورہ کیا۔ ہندوستان اور نیدرلینڈ کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر صدر کووند نے ٹیولپ کے پھول کی ایک قسم کا نام میتری رکھا ہے۔اس موقع پر ٹیولپ گارڈن میں خطاب کرتے ہوئے صدر کووند نے کہا کہ آج ہندوستان اور ہالینڈ کے تعلقات کے لیے ایک نیا پھول کھلے گا۔ ہم ٹیولپ کے پھول کا نام میتری رکھ رہے ہیں جس کا مطلب دوستی ہے۔ مجھے اس منفرد اقدام پر فخر ہے۔ اس کے لیے نیدرلینڈز کی حکومت کا شکریہ اور ان لوگوں کی کوششوں کی بھی تعریف کرتا ہوں جنہوں نے ٹیولپ کی اس خوبصورت قسم کو تیار کیا ہے۔ یہ ہندوستان اور ہالینڈ کے لوگوں کے درمیان دوستی اور رشتوں کے بندھنوں کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ہماری رہنمائی کرے گا۔ صدر کووند نے مزید کہا کہ میں ہالینڈ میں آکر خوش ہوں۔