راجستھان میں دو سو سے زیادہ بجٹ اعلانات کو منظوری دی جاچکی ہے – گہلوت
جے پور، اپریل ۔ راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے لوگ ریاست کے لوگوں کو گمراہ کر رہے تھے کہ یہ بجٹ کیسے لاگو ہوگا، جب کہ بجٹ 2022-23 کی تعمیل میں اب تک 210 اعلانات کو منظوری دی جاچکی ہے۔مسٹر گہلوت نے یہ بات سوشل میڈیا کے ذریعے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے کچھ بڑے اعلانات جن کا فائدہ آج سے ریاست کے لوگوں کوملے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ ایسے ہی نافذ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یکم اپریل سے جن اسکیموں کا فائدہ ملنے لگے گا ان میں 100 یونٹ ماہانہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو50 یونٹ بجلی مفت ملے گی ۔ تمام گھریلو صارفین کو150 یونٹ تک 3 روپے فی یونٹ کی گرانٹ۔ 150 سے 300 یونٹ تک کے صارفین کو 2 روپے فی یونٹ کی گرانٹ ملے گی۔ اس سے 1.18 کروڑ خاندانوں کو فائدہ ہوگا۔اسی طرح چرنجیوی یوجنا کی فی خاندان بیمہ کی رقم 5 لاکھ روپے سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کردی جائے گی۔ اس سے 1.34 کروڑ خاندانوں کو فائدہ ہوگا۔ریاست کے تمام سرکاری اسپتالوں میں او پی ڈی اور آئی پی ڈی مفت ہوں گے۔ اس اسکیم کا ٹرائل ایک ماہ تک چلے گا اور یکم مئی سے یہ اسکیم مکمل طور پر نافذ ہو جائے گی۔ منریگا اسکیم میں 100 دن کے بجائے 125 دن کا روزگار دیا جائے گا۔ مسٹرگہلوت نے کہا کہ مکھیہ منتری دگدھ سنبل یوجنا کے تحت مویشی مالکان کو دودھ پر ملنے والی سبسڈی 2 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 5 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔ اس سے پانچ لاکھ دودھ پیدا کرنے والوں کو فائدہ ہوگا۔ اوپی ایس نافذ ہونے کی وجہ سے یکم جنوری 2004 کے بعد تعینات سرکاری ملازمین کی تنخواہ سے این پی ایس کی 10 فیصد کٹوتی رک جائے گی۔ ان ملازمین اور اہل خانہ کے کیش لیس علاج کے لیے پانچ لاکھ روپے کی حد کے بجائے لامحدود طبی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ اس سے پانچ لاکھ ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو فائدہ ہوگا۔اسی طرح اعزازی کارکنوں، آنگن واڑی ورکروں، سہایکا، آشا سہیوگنی، ساتھن، گرام پنچایت معاونین کے اعزازیہ میں 20 فیصد کا اضافہ ہوگا۔ اس سے 1.85 لاکھ اعزازی کارکنوں کو فائدہ ہوگا۔ اندرا گاندھی ماترتوا پوشن یوجنا پوری ریاست میں نافذ کی جائے گی۔ اس سکیم میں دوسری اولاد پر چھ ہزار روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ اس سے ہر سال تقریباً 3.50 لاکھ حاملہ خواتین مستفید ہوں گی۔ مکھیہ منتری انوپریتی کوچنگ اسکیم کے تحت مفت کوچنگ کے لیے مستفید ہونے والے طلبہ کی تعداد دس ہزار سے بڑھ کر پندرہ ہو جائے گی۔ دویانگوں کے لئے این جی او کے ذریعہ آپریٹ خصوصی اسکولوں کی تنخواہوں اور الاؤنسز کے لیے دی جانے والی گرانٹ کی رقم کو 90 فیصد سے بڑھا کر 100 فیصد کیا جائے گا۔پالنہار اسکیم کے تحت یتیموں کو دی جانے والی رقم 1500 روپے ماہانہ سے بڑھ کر 2500 روپے ماہانہ ہو جائے گی۔ اس سے چودہ ہزار بچے مستفید ہوں گے۔ غیر منظور شدہ صحافیوں کے لیے بھی، مجاز صحافیوں کی طرح شروع سے ہی کووڈ امداد کا فائدہ دیا جائے گا۔ لوک فنکاروں کے اعزازیہ میں 25 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔