بی جے پی کے دوممبران اسمبلی کو اسپیکر نے اس سیشن کےلئے معطل کردیا
کلکتہ ،مارچ ۔ بجٹ سیشن کے پہلے دن گورنر کے خطبے کے دوران بار بار رخنہ ڈالنے کی وجہ سے بی جے پی کے دوممبران اسمبلی سدیپ مکھرجی جو پرولیا سے تعلق رکھتے ہیں اور کوچ بہار کے ناٹا باری سے ممبر اسمبلی مہر گوسوامی کو اس سیشن کےلئے اسپیکرنے معطل کردیا ہے۔ بی جے پی ممبران اسمبلی نے پیر کوگورنر کی تقریر کی شروعات ہوتے ہی اسپیکر کے ڈائس کے پاس آکر ہنگامہ آرائی شروع کردیا۔اس درمیان کئی مرتبہ گورنر اسمبلی سے جانے لگے تو ممتا بنرجی نے انہیں روکنے کی درخواست کی۔اس دوران بی جے پی اور ترنمول کانگریس کے ممبران اسمبلی کے درمیان بحث و تکرار بھی ہوا ہے۔گورنر جگدیپ دھنکرنے بی جے پی کے ممبران اسمبلی کی معطلی پر طنز کیا ہے۔پارتھو چٹرجی نے اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ سیشن کے پہلے دن اپوزیشن جماعت کی ہنگامہ آرائی غیر آئینی ہے۔اس ہنگامہ آرائی کی مہر گوسوامی اور سدیپ مکھرجی نے قیادت کی ۔انہوں نے ممبران کو ہنگامہ آرائی کےلئے اکسایا انہیں اس جرم کے لیے اس سیشن کے لیے معطل کیا جائے۔ پارتھو چٹرجی کی درخواست کو صوتی ووٹ سے منظور کر لیا گیا۔ پرولیا کے ایم ایل اے سدیپ مکھرجی اور کوچ بہار ناٹاباری کے ایم ایل اے مہر گوسوامی کو موجودہ سیشن کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔دوسری طرف، بی جے پی نے دعوی کیا کہ اس دن ترنمول کے پانچ ایم ایل ایز نے گورنر کے ساتھ بدسلوکی کی۔ گورنر نے اسپیکر کو لکھے خط میں اس کی شکایت کی ہے۔ بی جے پی کے دوممبران اسمبلی کی معطلی کے بعد اپوزیشن لیڈر شوبھندوادھیکاری نے بی جے پی کے ممبران اسمبلی کے ساتھ میٹنگ کی ۔