’4ٹی‘ پالیسی کے ذریعہ کورونا پر کنٹرول حاصل کیا:یوگی

لکھنؤ:مارچ۔اترپردیش کے کارگذار وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ کو کہا کہ کورونا کے خلاف ٹریس،ٹیسٹ،ٹریٹمنٹ اور ٹیکہ کاری یعنی ’4ٹی‘ کی پالیسی کی ایمانداری سے عمل درآمد کی بدولت ریاست میں کووڈ پر موثر کنٹرول پایاجاسکا ہے۔ کورونا سے بچاؤ کے لئے 12 سے 14 سال کی عمر کے بچوں کی ٹیکہ کاری مہم شروع کرنے کے موقع پریوگی لکھنؤ کے سول اسپتال پہنچ کر ٹیکہ کاری کے لئے آئے بچوں سے ملاقات کی اور انہیں تحائف دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان اس صدی کی سب سے بڑی وبا کورونا کے خلاف بھرپور طریقے سے لڑ رہا ہے۔ دنیا نے نہ صرف غیر جانبداری کے ساتھ ہندوستان کے کووڈ مینجمنٹ کی تعریف کی ہے بلکہ اسے اپنایا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ایکٹو کیسز کی تعداد 1000 سے کم ہو گئی ہے۔ ٹیسٹ، ٹریس اور ٹیکہ کاری میں اتر پردیش ملک میں پہلے نمبر پر ہے۔ تیسری لہر کب شروع ہوئی اور کب ختم ہوئی، کچھ پتہ نہیں اور اب ماہرین چوتھی لہر کا قیاس لگا رہے ہیں، تب بھی ریاست پوری قوت کے ساتھ لڑائی کے لیے تیار ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں اب تک 29 کروڑ 54 لاکھ ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔ فرنٹ لائن ورکرز، پولیس اہلکار،بوسٹر ڈوز کے اہل افراد جیسے سنگین بیماریوں میں مبتلا 97 فیصدی افراد کو ٹیکے لگائے گئے ہیں۔ جبکہ 15 سے 17 سال کی عمر کے ایک کروڑ 29 لاکھ 22 ہزار سے زیادہ یعنی 92 فیصد نوعمروں نے ویکسین کی پہلی خوراک لی ہے اور 65 لاکھ 50 ہزار یعنی 47 فیصد نوعمر ویکسین کی دوسری خوراک بھی لے چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 12 سے 14 سال کی عمر کے تقریباً 84 لاکھ 64 ہزار بچوں کی ٹیکہ کاری ہونی ہے جن کے لیے وافر مقدار میں ویکسین دستیاب ہے۔ ‘سب کو ٹیکا۔مفت ٹیکہ کا عزم پورا ہوگا۔

Related Articles