یہ ممتا بنرجی کی جیت ہےمیئر کا فیصلہ وہیں کریں گے:رخصت پذیر میئر فرہاد حکیم

کلکتہ ،دسمبر ۔کلکتہ کارپوریشن کا اگلا میئر کون ہوگا اس کو لے کر قیاس آرائی شروع ہوگئی ہے۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ 23دسمبر کو ترنمول کانگریس کے منتخب ممبران کی میٹنگ ہوگی جس میں کلکتہ کارپوریشن کے میئر کا فیصلہ کیا جائے گا۔تاہم قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ فرہاد حکیم ہی کلکتہ کارپوریشن کے میئر ہوں گے تاہم انہوں نے جیت حاصل کرنے کے بعد کہا کہ یہ جیت ممتا بنرجی کی ہے اور وہیں فیصلہ کریں گی کہ میئر کون ہوگا۔فرہاد حکیم نے جیت حاصل کرنے کے بعد ممتا بنرجی اور ابھیشیک بنرجی سے ملاقات کی۔نامہ نگاروں نے جب ان سے پوچھاکہ کیا آپ دوبارہ میئر ہوں گے؟ اس معاملے میں فرہاد نے کچھ سوچ کر جواب دیتے ہوئے کہا کہ”یہ جیت ممتا بنرجی کی جیت ہے۔ لوگوں نے ممتا بنرجی کی ترقی پر بھروسہ کیا ہے۔ یہ فتح انسانیتکی فتح ہے۔ کلکتہ میں کسی کو بھی اتنی بڑی جیت پہلے کبھی نہیں ملی۔ اتنی بڑی جیت سے ترنمول کی ذمہ داری بھی بڑھ گئی ہے۔ تاہم جن لوگوں نے اتنا عرصہ محنت کی ہے اگر وہ کامیابی کے بعد جشن منارہے ہیں تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے کچھ ناچ گانا ہو گا، یہ عام بات ہے۔ فرہاد حکیم کولکتہ میونسپلٹی کے وارڈ نمبر 72 سے امیدوار تھے۔انہوں نے شاندار جیت حاصل کی ہے اور اپنے حلقے اسمبلی پورٹ علاقے میں بھی تمام وارڈوں میں جیت حاصل کی ہے۔وارڈ 75میں گزشتہ چار دہائیوں سے بائیں محاذ کی جیت ہوتی رہی ہے مگر اس مرتبہ نظام الدین شمس نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔اس لحاظ سے میئر کے عہدے پر ایک بار پھر فرہاد کا نام سامنے آرہا ہے۔اسمبلی انتخابات کے بعد ایک شخص ایک عہدہ کا قانو ن ترنمول کانگریس نے بنایا تھا۔اس لحاظ سے ان کی میئر شپ یا پھر وزارت خطرے میں ہے۔تاہم پارٹی ذرائع کے مطابق فرہاد حکیم کے فعال ہونے کی وجہ سے ان کو اس قانون سے مستثنی کیا جائے گا۔وہ ممتا بنرجی کے کابینہ کا حصہ بھی رہیں گے اور میئر بھی رہیں گے۔144 وارڈوں میں سے ترنمول کانگریس نے 134 وارڈوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔تینوں کامیاب آزاد امیدواروں نے ترنمول کانگریس میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔فرہاد حکیم نے کہا کہ شہر کی سیوریج سروس کو بہتر بنانا ہمارا بنیادی ہدف ہے۔ 200 پمپنگ اسٹیشن بنانے کا منصوبہ ہے۔ شہر کے لوگ پانی سے مایوس ہو گئے۔ فرہاد حکیم نے دعویٰ کیا کہ اس صورتحال میں پانی ذخیرہ کرنے کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ فرہاد نے کہا کہ فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

Related Articles