یوگی کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز کا لوگو، میسکوٹ اور جرسی لانچ کریں گے
لکھنؤ، مئی۔ پہلی بارکھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز (کے آئی یوجی) کی میزبانی کر رہے اترپردیش میں جمعہ کو وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اس کے لوگو، میسکوٹ، اینتھم اور جرسی کولانچ کریں گے۔اندرا گاندھی پرتشتھان میں منعقد ہونے والی تقریب میں مرکزی کھیل اور نوجوانوں کی بہبود کے وزیر انوراگ سنگھ ٹھاکر اور اتر پردیش کے وزیر کھیل گریش چندر یادو بھی موجود ہوں گے۔ اس موقع پر یوگی اور انوراگ ٹھاکر مشعل ریلے کو بھی ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کریں گے۔ اگلے 20 دنوں تک اترپردیش کے تمام اضلاع میں چار مشعلیں گھومیں گی اوراس ریلے کا ہراضلاع میں مختلف ثقافتی پروگراموں کے ذریعے خیر مقدم کیا جائے گا۔قابل ذکر ہے کہ یوپی میں بڑے پیمانے پر کھیلوں کے احیاء میں لگی یوگی حکومت کی کوششوں کی وجہ سے 25 مئی سے ریاست کے چار شہروں میں کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔ 25 مئی کو لکھنؤ کے بی بی ڈی یونیورسٹی کرکٹ گراؤنڈ میں ایک شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ اس کا انعقاد ہوگا اور 3 جون کو بی ایچ یو وارانسی میں اس کا اختتام ہوگا۔روٹ پلان کے مطابق مشعل میزبان ریاست کے 4 خطوں (مغربی، مشرقی، وسطی اور بندیل کھنڈ) سے گزرے گی اور تمام اضلاع کو مشعل ریلے کی میزبانی کا موقع ملے گا۔ لکھنؤ میں افتتاحی تقریب (25 مئی) کے دن تمام 4 کھیلوں کی مشعلیں واپس آئیں گی۔ اگرچہ یہ ایونٹ 25 مئی سے شروع ہوگا، لیکن کبڈی جیسے کھیل 23 مئی سے ایس وی ایس پی اسپورٹس کمپلیکس، گوتم بدھ نگر (نوئیڈا) میں شروع ہوں گے۔ کے آئی یوجی 2022 اتر پردیش کے چار شہروں وارانسی، گورکھپور، نوئیڈا ور لکھنؤمیں منعقد کیا جائے گا اور دارالحکومت لکھنؤ کے علاوہ شوٹنگ کے مقابلے نئی دہلی میں بھی منعقد کیے جائیں گے۔شیڈول کے مطابق لکھنؤ آٹھ مقامات پر 12 کھیلوں (تیر اندازی، جوڈو، ملاکھمب، والی بال، تلوار بازی، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، رگبی، ایتھلیٹکس، ہاکی، فٹ بال) کی میزبانی کرے گا۔ گوتم بدھ نگر (نوئیڈا) تین مقامات میں پانچ کھیلوں (باسکٹ بال، کبڈی، باکسنگ، تیراکی اور ویٹ لفٹنگ) کی میزبانی کرے گا۔ وارانسی آئی آئی ٹی-بی ایچ یو دو کھیلوں (کشتی اور یوگا) کی میزبانی کرے گا، جبکہ گورکھپور اور دہلی بالترتیب روئنگ اور شوٹنگ ایونٹ کااہتمام کریں گے۔ روئنگ کو پہلی باران گیمز میں شامل کیاگیا ہے۔