یوکرین میں پھنسے ہوئے ہریانویوں کو بحفاظت واپس لایا جائے گا: کھٹر
کرنال، مارچ۔ ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر نے کہا ہے کہ یوکرین میں پھنسے ہریانہ کے تمام طلباء کو بحفاظت واپس لایا جائے گا اور اس کے لیے وزارت خارجہ اور ریاستی حکومت پوری کوششیں کر رہی ہے۔کھٹر نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے اب تک 700 طلباء سے میل آئی ڈی، واٹس ایپ اور دیگر مواصلاتی ذرائع سے رابطہ کیا ہے۔ تقریباً 90 طلباء بھی واپس آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین کے بحران کے پیش نظر ریاستی حکومت پہلے ہی ایک کنٹرول روم قائم کر چکی ہے۔ طلباء کی مدد کے لیے دہلی ایئرپورٹ پر ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ریاست کے کچھ طلباء بھی یوکرین سے ممبئی پہنچ گئے ہیں اور ان کی مدد کے لیے وہاں ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ انہیں دہلی اور ہریانہ لانے کے لیے ہر ممکن مدد کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ کے مطابق وزارت خارجہ اس پورے معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ مرکزی حکومت کے چار وزراء یوکرین سے متصل چار ممالک پہنچ گئے ہیں اور ان ممالک سے بات کر کے ہندوستانی شہریوں کو وطن واپس لانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس ضلع کے شہری یوکرین میں پھنسے ہوئے ہیں وہاں کے ڈپٹی کمشنر ان خاندانوں سے رابطے میں ہیں۔دوسری جانب فرید آباد ڈویژنل کمشنر اور ہریانہ بھون، دہلی کے رہائشی کمشنر سنجے جون نے کہا کہ یوکرین میں پھنسے ریاست کے لوگوں اور طلباء کی مدد کے لیے فرید آباد میں ڈویژنل کمشنر کے دفتر میں ریاستی سطح کا کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ جو 24 گھنٹے کام کرے گا۔ اس کے لیے ٹیلی فون نمبر 0129-2981617 جاری کیا گیا ہے۔