ہندوستان میں عالمی وباء کورونا وائرس کے خلاف سب سے موثر مہم : صدر جمہوریہ

نئی دہلی، نومبر۔صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے آج یہاں گورنروں اور لیفٹیننٹ گورنروں کی 51ویں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں عالمی وباء کورونا وائرس کے خلاف سب سے موثر مہم چلائی گئی ہے۔دو سال کے وقفہ کے بعد جمعرات کے روز راشٹرپتی بھون میں منعقدہ اس کانفرنس میں نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو، وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی شرکت کی۔ کورونا وائرس کی وجہ سے، یہ کانفرنس گزشتہ دو سالوں سے منعقد نہیں ہو سکی تھی۔ اس سے پہلے گورنروں کی آخری کانفرنس نومبر 2019 میں ہوئی تھی۔مسٹر رام ناتھ کووند نے کہا کہ ہندوستان نے کووڈ -19 کی عالمی وباء سے نمٹنے کے لیے دنیا کی سب سے مؤثر مہم شروع کی ہے۔ ملک کے تمام کورونا واریئرس نے اپنی قربانی اور لگن سے اپنا فرض نبھایا۔ ملک میں ویکسین کی تیاری اور پیداوار حکومت کی پہل اور سائنسدانوں و صنعتکاروں کی کوششوں سے ممکن ہوئی۔ اب تک 108 کروڑ سے زیادہ ٹیکے لگائے جاچکے ہیں اور ملک بھر میں ٹیکہ کاری مہم تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان نے دوسرے ممالک کی مدد کے لیے ویکسین مترا مہم شروع کی ہے، جس کی پوری دنیا میں تعریف کی جا رہی ہے۔ گورنروں نے بھی اس عالمی وبا سے نمٹنے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک نے مل کر اس وبا سے نمٹنے کی کوشش کی اور تمام ریاستوں نے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کے ساتھ ساتھ دوسروں کے اچھے طریقوں کو اپنے یہاں نافذ کیا۔ اس کے نتیجے میں ہندوستان نے کئی ترقی یافتہ ممالک سے بہتر طور پر کووڈ کا مقابلہ کیا۔
اسکاٹ لینڈ کے گلاسگو میں حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والی بین الاقوامی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر کووند نے کہا کہ دنیا نے دیکھا کہ ہندوستان دنیا کی بڑی معیشتوں میں واحد ملک ہے جس نے پیرس معاہدے کے تئيں اپنی عہد بندی برقرار رکھی ہے اور وہ اپنے اہداف کو حاصل کرنے کی صلاحیت رکھنے کی وجہ سے ایک مقررہ وقت میں انہیں حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہے۔ ہندوستان نے آئندہ بھی اس سمت میں اپنی کوششوں کو تیز کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے پانچ اہداف مقرر کیے ہیں۔ انہوں نے گورنروں سے کہا کہ وہ ان اہداف کے حصول میں اپنا سرگرم کردار ادا کریں۔ آپ اس مہم میں نوجوان نسل کو بھی براہ راست شامل کر سکتے ہیں۔سال 2024 تک ہر گھر میں نل کا پانی فراہم کرنے کےمنصوبہ جل جیون مشن کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر رام ناتھ کووند نے کہا کہ سب کو پینے کا پانی فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشن بھی عوامی تحریک کی شکل اختیار کر رہا ہے۔ گورنروں سے اپیل کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ وہ بیداری مہم چلا کر اور خاص طور پر نوجوانوں کو اس مشن سے جوڑ کر اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔صدر جمہوریہ نے گورنروں اور لیفٹیننٹ گورنروں سے کہا کہ وہ خاص طور پر قبائلی علاقوں میں ترقیاتی پروگراموں کو بھرپور طریقے سے آگے بڑھا کر ملک کی ترقی میں گراں قدر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی کو ٹھوس شکل دینے میں بھی گورنروں کا اہم رول ہے اور چانسلر کی حیثیت سے آپ سب نئے ہندوستان کی تعمیر کے عمل میں براہ راست وابستہ ہیں۔ یہ ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے اور آپ سب کے تعاون سے ملک کو علم کے میدان میں سپر پاور بنانے کا ہدف پورا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ آپ ٹی بی کے خاتمے، ریڈ کراس تنظیم کے کاموں اور سینک بورڈ کی سرگرمیوں میں براہ راست شامل ہیں اور امید کی جاتی ہے کہ آپ اپنی رپورٹ میں ان موضوعات پر روشنی ڈالیں گے اور اپنے بہترین طریقہ کار کو دوسری ریاستوں کے ساتھ شیئر کریں گے۔ گورنر کے کردار کو بہت اہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ ریاستی حکومتوں کے لیے ایک دوست اور سرپرست کی مانند ہیں۔ آپ تمام فلاحی پروگراموں اور اپنی ریاست کے لوگوں کی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے لیے عہد بند ہیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ اپنی ریاستوں میں زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں اور لوگوں سے رابطہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ بہرحال جمہوریت میں ہمیں عام لوگوں سے مسلسل رابطہ رکھنا چاہیے۔صدر جمہوریہ نے سابق گورنروں کلیان سنگھ، محترمہ مردولا سنہا اور مسٹر لال جی ٹنڈن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب ہمارے درمیان نہیں ہیں لیکن ریاستوں کی ترقی کے لئے ان کے کارناموں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

 

Related Articles