ہماچل کے پہاڑ برف کی سفید چادر سے ڈھک گئے ، بسوں کے پہیے رک گئے
شملہ، جنوری ۔ہماچل پردیش کے پہاڑ ایک بار پھر برف کی سفید چادر سے ڈھکے ہوئے ہیں۔ ہماچل کی اونچی پہاڑیوں پر برف باری ہوئی ہے اور میدانی علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی ہے، جس کی وجہ سے ریاست کے کم از کم درجہ حرارت میں کمی آئی ہے جس کے سبب پورا ہماچل پردیش سردی کی لپیٹ میں آگیا ہے۔کلو ، شملہ، لاہول اسپتی، کانگڑا، منڈی اور کنور کی بلند چوٹیوں پر اتوار کی رات تازہ برف باری ہوئی۔ ریاست کے قبائلی اضلاع لاہول اسپتی اور کنور سمیت بالائی شملہ کے ضلع ہیڈکوارٹر کا دارالحکومت سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ضلع کنور کے چتکول میں ڈھائی فٹ تازہ برف باری ہوئی ہے جبکہ کلپا، پوہ اور سانگلہ میں ڈیڑھ فٹ تازہ برف باری ہوئی ہے۔ ضلع کلّو کے روہتانگ پاس اور اٹل ٹنل میں 30 انچ تازہ برف باری ہوئی ہے۔ لاہول اسپتی ضلع ہیڈکوارٹر کیلونگ اور درچہ میں 7-7 انچ تازہ برف پڑی ہے۔ منڈی کے شکاری دیوی میں ایک فٹ تازہ برفباری کی اطلاع ہے۔ کھدرالہ 60 سینٹی میٹر، شلارو 17.5، چوپال 16، تیسا 17، کوٹھی 45، گوڈنلہ 25.5، کوکسار 18 اور کمکمساری میں 14.3 سینٹی میٹر برف باری ہوئی ہے۔نیشنل ہائی وے-5 پر برف باری کی وجہ سے ٹریفک مکمل طور پر ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے۔ ضلع کے ہنگرانگ وادی، گنگیول ویلی، کلپا، ریکانگ پیو میں ڈیڑھ سے دو فٹ تک برف باری ہوئی ہے۔ دوسری جانب سانگلہ کے علاقے چتکول میں دو سے ڈھائی فٹ تک برفباری ہوئی ہے۔ ضلع میں برف باری کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کارپوریشن ریکانگ پیو کے تمام مقامی راستے متاثر ہوئے ہیں۔ ساتھ ہی طویل فاصلے کے راستے بھی متاثر ہوئے ہیں۔اہم بات یہ ہے کہ ریکانگ پیو کارپوریشن کی کچھ بسیں ضلع کے اندر مختلف مقامات پر پھنسی ہوئی ہیں۔ شدید برف باری کی وجہ سے بسیں ریکانگ پیو تک نہیں پہنچ سکیں۔ تاہم بارڈر روڈز آرگنائزیشن اور ہائی وے اتھارٹی کے راستے سے برف ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ کمانڈنگ آفیسر پرمود کمار نے بتایا کہ اسپیلو، اکپا، مرنگ، پوہ وغیرہ علاقوں میں سڑک سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔ نیشنل ہائی وے 505 کے جے ای سنتیش کمار نے بتایا کہ نیشنل ہائی وے -505 پر ضلع ہیڈکوارٹر کو جوڑنے والے پاوڑی سے ریکانگ پیو تک برف صاف کرنے کا کام صبح سے جاری ہے۔شملہ کے جاکھو سمیت ضلع کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی ہے۔ شملہ ضلع کے کفری میں 6 انچ تازہ برف باری ہوئی جبکہ نرکنڈہ اور کھڈاپتھر میں ایک فٹ تازہ برف باری ہوئی۔ کانگڑا ضلع کے بادبھنگل میں بھی 6 انچ تازہ برف پڑی۔ چمبہ ضلع کے قبائلی علاقے پانگی میں چار فٹ تک برف باری ہوئی ہے۔ہماچل پردیش میں آج بھی موسم خراب ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سریندر پال نے بتایا کہ تازہ مغربی ڈسٹربنس سرگرم ہو گیا ہے۔ جس کے باعث آج بھی بارش اور برفباری ہوسکتی ہے اور اگلے تین روز تک میدانی علاقوں کے علاوہ بعض مقامات پر بارش اور برفباری ہوسکتی ہے۔ منالی ، کلّو، لاہول اسپتی، کنور، شملہ اور چمبا کے پنگی، کلر کے لیے اگلے 24 گھنٹوں میں برفانی تودے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ ضلع انتظامیہ نے سیاحوں اور عام لوگوں کو حساس مقامات کی طرف نہ جانے کی ہدایت دی ہے۔ پنگی بھرمور، منالی اضلاع کینور، لاہول اسپتی اور چمبہ میں برف جمع ہونے کی وجہ سے پھسلن کی صورتحال بڑھ گئی ہے۔ اس کے پیش نظر حکومت نے تمام لوگوں کو احتیاط سے گاڑی چلانے کی ایڈوائزری جاری کی ہے۔موسمیاتی مرکز کے مطابق کیلونگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ کوکمسری میں کم از کم درجہ حرارت منفی 6.4، کلپا میں منفی 0.2، بھونٹر میں 3.2، سولن 3.6، اونا 3.7، سندر نگر 4.1، شملہ 6.5 اور دھرم شالہ میں 7.4 ڈگری سیلسیس رہا۔