گہلوت نے کووڈ-19 ڈیوٹی کے دوران ہلاک ہونے والے سرکاری ملازمین کے زیر کفالت افراد کو امدادی رقم کے چیک دئے
الور، دسمبر وزیر اعلی اشوک گہلوت نے الور کے اپنے دورے کے دوران حساسیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کورونا وبامیں ڈیوٹی کے دوران جاں بحق ہونے والے سرکاری ملازمین کے زیرکفالت افراد کو 50-50 لاکھ روپے کی امدادی رقم کے چیک حوالے کئے۔مسٹر سنیت کمار (نیمرانہ، الور) اور مسٹر رامیشور دیال مینا (رینی، الور) پٹواری کے عہدے پر کام کر رہے تھے۔ مذکورہ دونوں اہلکار ڈیوٹی کے دوران کووڈ 19 سے متاثر ہوئے اور دوران علاج مسٹر سنیت کمار کی 9 مئی 2021 کو اور مسٹر رامیشور دیال مینا کی 16 مئی 2021 کوموت ہوگئی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے مذکورہ دونوں اہلکاروں کے زیر کفالت محترمہ سنجو اہلیہ مرحوم سنت کمار اور محترمہ کانتا بائی بیوی مرحوم رامیشور دیال مینا کو 50-50 لاکھ روپے کا چیک سونپا۔قابل ذکر ہے کہ مسٹر گہلوت نے کورونا وبا کے دوران ڈیوٹی کے دوران کووڈ-19 انفیکشن کی وجہ سے سرکاری ملازمین کی موت کی صورت میں 50 لاکھ روپے کی امدادی رقم کا اعلان کیا تھا۔ ماضی میں ریاستی حکومت کی طرف سے محترمہ سنجو بیوی مرحوم سنیت کمار کو جونیئر اسسٹنٹ اور محترمہ کانتا بائی بیوی مرحوم رامیشور دیال مینا کو لیبارٹری اسسٹنٹ کے عہدہ پر ہمدردانہ تقرری بھی دی گئی ہے۔اس دوران ریونیو منسٹر رام لال جاٹ، راجستھان اسٹیٹ سیڈ کارپوریشن کے صدر دھیرج گجر، آر ٹی ڈی سی کے چیئرمین دھرمیندر راٹھوڑ، ایم ایل اے راجندر پاریک، ضلع کلکٹر جتیندر سونی اور دیگر سینئر افسران اور عوامی نمائندے موجود تھے۔