کیجریوال نے کورونا ضوابط پر عمل کرنے کی اپیل کی
نئی دہلی نومبر۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے دیوالی کے تہوار کے دوران کورونا ضوابط پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ماسک لگاکر ہی باہرنکلیں.مسٹر کیجریوال نے آج کہا کہ خوشی کا وقت ہے۔ آپ سب بہت خوش ہیں۔ کورونا کم ہو گیا ہے۔ آپ سب بازار جا رہے ہیں لیکن اس وقت بہت سے لوگ احتیاط نہیں کر رہے۔ ماسک نہیں لگارہے ہیں۔ چاروں طرف سے بہت سی تصویریں آرہی ہیں۔ بازاروں سے بھی کئی ایسی تصویریں بھی آ رہی ہیں کہ بہت سے لوگ احتیاط نہیں برت رہے ہیں۔ میں آپ سب سے ہاتھ جوڑ کر درخواست کرتا ہوں کہ پچھلے سال یہ تہواروں کا وقت تھا، جب کورونا بہت تیزی سے بڑھ گیاکیونکہ ہم نے لاپرواہی کی تھی۔ اب آپ لاپرواہی نہ کیجئے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے لیے نہیں کہہ رہا ہوں۔ میں آپ کی اور آپ کے اہل خانہ کی صحت کے لیے کہہ رہا ہوں۔ کورونا بہت خطرناک بیماری ہے اس لیے احتیاط ضرورکریں ۔ کم از کم باہر جانے کی کوشش کریں اور اگر آپ باہر جاتے ہیں تو ماسک ضرور پہنیں۔ یہ ماسک آپ کو بچا سکتا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس وقت ڈینگی بہت پھیل رہا ہے۔ ہم اپنی سطح پر اپنے گھر میں ڈینگی کو روک سکتے ہیں۔ ڈینگی صاف پانی میں ہوتا ہے۔ اگر ہم ہر ہفتے 10 منٹ کا وقت نکال کر اپنے گھر کے تمام برتن اورگملوں کو، جہاں پانی جمع ہے، اسے انڈیل دیں اوراس میں تازہ پانی بھردیں، تو ہم ڈینگی سے بچاوکرسکتے ہیں۔