کیجریوال نے مشن ایکسی لینس اسکیم کے تحت 60 کھلاڑیوں کو تقریباً 4 کروڑ روپے کے چیک سونپے
نئی دہلی، جون۔دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے مشن ایکسی لینس اسکیم کے تحت 60 کھلاڑیوں کو تقریباً 4 کروڑ روپے کا چیک سونپتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ ہمارا خواب ہے کہ جتنے تمغے چین اور امریکہ لے کر آتے ہیں، ہمیں اس سے زیادہ تمغے لے کر آنا ہے۔کیجریوال نے کہا کہ ہم باصلاحیت کھلاڑیوں کو پیسے کی کمی نہیں ہونے دیں گے۔ ہمیں ملک کا نام روشن کرنا ہے۔ جن کھلاڑیوں کو دہلی حکومت نے ‘مشن ایکسی لینس اسکیم کے تحت مالی مددفراہم کی تھی، وہ اولمپکس سے ہندوستان کے لیے تمغے لے کر آئیں۔ اس کے تحت آج میں نے مزید 60 کھلاڑیوں کو چیک سونپے۔ مجھے امید ہے کہ اس سے ان کی تربیت اور خوراک میں مدد ملے گی۔ وہ آگے بڑھ کر ملک کے لیے مزید تمغے لے کر آئیں گے۔وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ مجھے اسپورٹ سسٹم میں غریب کھلاڑیوں کی مدد کی کمی، کھیلوں کی سہولیات کی کمی اور سیاسی مداخلت سمیت تین کمیاں محسوس ہوتی ہے ۔ملک میں یہ جو کمی ہے ہم ان کو دہلی میں دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ہم مشن ایکسی لینس کے تحت غریب کھلاڑیوں کی مدد کر رہے ہیں۔ دہلی میں مختلف مقامات پر بین الاقوامی سطح کا انفراسٹرکچر بنایا جا رہا ہے اور کھلاڑیوں کے انتخاب میں سیاسی مداخلت کو ختم کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ جب کوئی کھلاڑی پہلا تمغہ لے کر آتا ہے تو اسے پہلے تمغے تک سخت محنت کرنی پڑتی ہے۔ اسے کہیں سے کوئی مدد نہیں ملتی۔ گھر سے بھی مایوسی ہاتھ لگتی ہے۔ والدین بھی پڑھنے کے لئے کہتے ہیں۔مزید یہ کہ کھیلنے سے کیا ہوگا؟ کوئی حکومت بھی ان کھلاڑیوں کی مدد نہیں کرتی۔ انہیں کسی قسم کا اسٹرکچر نہیں ملتا۔ میں اپنے ملک کے تمام کھلاڑیوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں جوبغیر کسی مدد کے تمغے لائے۔کوئی حکومت انہیں ایک کروڑ دیتی ہے، کوئی دو کروڑ روپے دیتی ہے۔ ہم نے مشن ایکسی لینس اسکیم شروع کی تاکہ جو کھلاڑی ترقی کر رہا ہے، اسے تربیت وغیرہ میں مالی مدد دی جا سکے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے پاس بہت سے کھلاڑی ہیں، جو بہت باصلاحیت ہیں، لیکن ان کا تعلق انتہائی غریب گھرانے سے ہے۔ اس کے گھر والوں کے پاس پیسے نہیں ہیں۔ مشن ایکسی لینس اس لیے شروع کیا گیا تھا کہ ایسے کھلاڑی جو اس وقت اپنے پہلے میڈل کی تیاری کر رہے ہیں یا قومی سطح پر ایک یا دو میڈل لے چکے ہیں اور اب انٹرنیشنل لیول کی تیاری کر رہے ہیں، ہمیں ان لوگوں کی مدد کریں تاکہ انہیں پیسے کی کمی نہ ہو۔ ساتھ ہی اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر کھیل منیش سیسودیا نے کہا کہ اگر ہمارے کھلاڑی جیت جاتے ہیں تو سب پیسے دیتے ہیں، عزت دیتے ہیں، لیکن جب کھلاڑی ٹریننگ کے دوران جدوجہد کر رہے ہوں؛ ان کے پاس تربیت اور کھیلوں سے متعلق دیگر سہولیات کے لیے پیسے نہیں ہوتے ہیں، تب کوئی ان کی مدد کے لیے آگے نہیں آتا۔ ایسے میں وہ تمغہ کیسے جیت سکیں گے؟ ایسے میں 2018 میں وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی قیادت میں مشن ایکسی لینس اسکیم شروع کی گئی ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی اس طرح کی اسکیم شروع کرنے والی پہلی ریاست ہے جس نے ایسی سکیم شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمغے جیتنے کے بعد نہ صرف کھلاڑیوں کی عزت کرتے ہیں بلکہ اس وقت میں کھلاڑیوں کی مدد بھی کرتے ہیں جب وہ تمغے جیتنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشن ایکسی لینس اسکیم کے تحت کھلاڑیوں کو ان کے کھیلوں اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے 16 لاکھ روپے تک کی مالی امداد دی جاتی ہے۔