کورونا سے گھبرانے کی ضرورت نہیں: کیجریوال
نئی دہلی، جنوری ۔ دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ کورونا پر ہمارے تمام انتظامات درست ہیں ا سلئے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے لیکن لوگوں کو بھی ذمہ دار ی سے کام لینا چاہئے۔مسٹرکیجریوال نے جمعہ کو کہا کہ کورونا کے معاملات میں کافی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے۔ ہم تمام لوگ جانتے ہیں کہ اومیکرون کا انفیکشن بہت زیادہ ہے۔ اسپتالوں میں داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد بہت کم ہے۔ اس لئے لوگوں کو فکر کرنے اور گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت کی طرف سے تمام انتظامات درست ہیں۔ اسپتالوں میں بیڈس کی کوئی کمی نہیں ہے۔ آئی سی یو بیڈس کی بھی کوئی کمی نہیں ہے۔ ہمیں گھبرانا نہیں ہے لیکن ذمہ داری سے کام لینا ہے۔ ہم کورونا کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اگر ضرورت پڑے گی تو تمام پابندیوں میں اضافہ کیا جائے گا، لیکن اگر کورونامعاملات میں کمی آئی تو پابندیاں کم کریں گے۔خیال رہے کہ راجدھانی دہلی میں جمعرات کو کورونا انفیکشن کے 28,867نئے معاملے سامنے آئے اور ا س دوران 31مریضوں کی موت ہوئی ہے۔ اسی مدت میں انفیکشن کی شرح بڑھ کر 29.21فیصد ہوگئی ہے۔