کجریوال ایک بار پھر ’آپ‘ کے قومی کنوینر منتخب
نئی دہلی ، ستمبر , دہلی کے وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اروند کجریوال ایک بار پھر عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر منتخب ہوئے ہیں۔یہ فیصلہ اتوار کو عام آدمی پارٹی کے نو منتخب قومی ایگزیکٹیو کی میٹنگ میں متفقہ طور پر لیا گیا۔ قومی ایگزیکٹیو نے متفقہ طور پر سینئر لیڈر پنکج گپتا کو قومی جنرل سکریٹری اور این ڈی گپتا کو قومی خزانچی منتخب کیا ہے ۔ قومی ایگزیکٹیو کے منتخب کردہ قومی کنوینر، قومی جنرل سکریٹری اور قومی خزانچی کی مدت پانچ سال کی ہوگی۔قابل ذکر ہے کہ عام آدمی پارٹی کی قومی کونسل کا اجلاس کل ڈجیٹل کے ذریعہ منعقد ہوا۔ اس میٹنگ کی صدارت عام آدمی پارٹی کے سینئر رہنما اور قومی کنوینر اروند کجریوال نے کی۔ جس میں پارٹی کے تمام سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں 34 نئے قومی ایگزیکٹیو ممبران کا انتخاب کیا گیا۔ ان ایگزیکٹیو ممبران میں آپ کے سینئر لیڈر اروند کجریوال ، منیش سسودیا ، ستیندر جین ، عمران حسین ، راجندر پال گوتم ، راگھو چڈھا ، آتشی ، راکھی برلا وغیرہ شامل ہیں۔عام آدمی پارٹی کے نو منتخب قومی ایگزیکٹیو کا پہلا اجلاس آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں قومی کنوینر ، قومی جنرل سکرٹری اور قومی خزانچی مقرر کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ اس دوران تمام ایگزیکٹیو ممبران نے متفقہ طور پر مسٹر کجریوال کو قومی کنوینر بنانے پر اتفاق کیا۔ نیزایگزیکٹیو ممبران نے متفقہ طور پر سینئر لیڈر پنکج گپتا کو قومی جنرل سکریٹری اور این ڈی گپتا کو قومی خزانچی منتخب کیا۔ اس کے ساتھ ہی قومی ایگزیکٹیو کا دوسرا اجلاس جلد ہی منعقد ہوگا۔ اس میٹنگ میں ریاست وار انتخاب کا تجزیہ کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ملک کی سیاسی صورتحال پر بھی بات چیت کی جائے گی۔جب قومی ایگزیکٹیو میٹنگ میں اروند کجریوال کا نام قومی کنوینر کے عہدے کے لیے تجویز کیا گیا تو وہاں موجود تمام ارکان نے متفقہ طور پر ان کے نام کی حمایت کی۔ ایگزیکٹیو ممبران نے کہا کہ جب سے عام آدمی پارٹی کی تشکیل ہوئی ہے مسٹر کجریوال مہارت سے ایک گائیڈ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ’ آپ‘ کے اندر اور ملک بھر میں بہت ہی مقبول لیڈرہیں۔ اروند کجریوال ہمیشہ مشکل حالات میں پارٹی کے لیے کھڑے رہے ہیں اور مشکل حالات میں بھی پارٹی کو متحد اور مضبوط رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ایگزیکٹیو ممبران نے یہ بھی کہا کہ دہلی اور پورے ملک کے لوگ اروند کجریوال کی مقبولیت ، دیانت دار امیج اور کام کی سیاست سے بہت متاثر ہیں۔ جس کی وجہ سے دہلی کے لوگوں نے ان کی قیادت میں عام آدمی پارٹی نے ایک بار پھر دہلی میں تاریخی اکثریت کے ساتھ حکومت بنائی ہے۔ ارکان نے متفقہ طور پر کہا کہ عام آدمی پارٹی کو مسٹر کجریوال سے بہتر کوئی اور نہیں سنبھال سکتا۔