کانپورمیں میٹرو ریل سے ٹریفک جام سے نجات ملے گی:یوگی
کانپور، دسمبر ۔ اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے منگل کو کانپور میں میٹرو ریل سروس شروع ہونے سے شہر کے لوگوں کو ٹریفک جام کی پریشانی سے نجات ملنے کایقین ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ اس سروس کے شروع ہونے سے کانپورمیں نہ صرف کنیکٹویٹی میں اضافہ ہوگا بلکہ تجارتی سرگرمیاں بھی تیزہوں گی۔یوگی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ کانپور میٹرو ریل سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت کانپور سمیت پوری ریاست کو جدید ترین شہری سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ یوگی نے اپنے خطاب میں سابقہ حکومتوں پر اپنے چہیتوں اورقریبیوں کی ترقی کے نام پر سرکاری خزانے کو لوٹنے کا الزام بھی لگایا۔یوگی نے کہا کہ پچھلی حکومتوں کے لوگ ترقی کی بات تودور، ترقی کے پیسے کو لوٹ کرکہالے جاتے تھے؟ انہوں نے کہا، ’’ آپ نے پچھلے دو تین دنوں میں دیکھا ہوگا کہ دیواریں کھود کر نکلنے والی نوٹوں کی گڈیاں اس بات کو کاثبوت ہیں کہ پہلے ترقی کا پیسہ کن لوگوں کے پاس پہنچتاتھا۔ وزیراعلیٰ کا واضح اشارہ قنوج کے ایک عطر کاروباری کے کانپور واقع ٹھکانوں پر محکمہ انکم ٹیکس کی طرف سے مارے گئے چھاپوں میں بھاری مقدار میں بے حساب دولت کی برآمدگی کی طرف تھا۔قابل ذکر ہے کہ اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے 11,000 کروڑ روپے کی لاگت سے بنائے گئے کانپور میٹرو ریل پروجیکٹ کے پہلے سیکشن کا افتتاح کیا۔ اس دوران انہوں نے بینا پنکی ملٹی پروڈکٹ پائپ لائن پروجیکٹ کو بھی قوم کے نام وقف کیا۔ اس موقع پر مرکزی شہری مکانات اور ترقی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری بھی موجود تھے۔