چنی سمیت کئی رہنماؤں نے کرتارپور راہداری کھولنے کا خیرمقدم کیا

چنڈی گڑھ، نومبر۔پنجاب کے وزیر اعلی چرنجیت سنگھ چنی، ریاستی کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو، سابق وزیر اعلی کیپٹن امریندر سنگھ اور ریاست کے کئی رہنماؤں نے 17 نومبر سے کرتار پور کھولنے کے مرکزی حکومت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔مرکزی حکومت کے اس فیصلے پر آج یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسٹر چنی نے بتایا کہ سکھ برادری کے لیے یہ بہت خوشی کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیر اعلیٰ انہوں نے حال ہی میں دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی تھی اور کرتاپور صاحب کوریڈور کھولنے کی درخواست کی تھی۔ مرکزی حکومت نے ان کا مطالبہ مان لیا ہے اور وہ ان کے شکر گزار ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ اپنے کابینہ کے ساتھیوں کے ساتھ 250 یاتریوں کے پہلے جتھے کے ساتھ 18 نومبر کو کرتارپور صاحب جائیں گے۔دوسری طرف مسٹر سدھو نے بھی ٹوئٹ کرکے راہداری کھولنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ واضح رہے کہ مسٹر سدھو نے حال ہی میں ڈیرہ بابا نانک پہنچے تھے اور دوربین کے ذریعے پاکستان کے علاقے میں واقع کرتارپور صاحب کے درشن کئے تھے اور مرکزی حکومت سے کرتارپور کوریڈور کھولنے کا مطالبہ کیا تھا۔ مسٹر سدھو نے ڈیرہ بابا نانک پر ساٹھ فٹ اونچا پلیٹ فارم بنانے کا مطالبہ کیا تھا تاکہ عقیدت مند وہاں سے کرتارپور صاحب کے درشن کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پلیٹ فارم ان عقیدت مندوں کے لیے ایک اعزاز ثابت ہو گا جن کے پاس پاسپورٹ نہیں ہیں اور وہ کرتارپور صاحب کے درشن کے لیے سرحد پار جانے سے قاصر ہیں۔واضح رہے کہ 19 نومبر کو گرو نانک دیو کا یوم پیدائش ہے اور اس سے ٹھیک پہلے مرکزی حکومت نے کرتار پور صاحب کوریڈور کھول کر سکھ برادری کو تحفہ دیا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج ٹویٹ کیا اور کرتارپور صاحب کوریڈور کو 17 نومبر سے دوبارہ کھولنے کے مرکزی حکومت کے فیصلے کی اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ سکھوں کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے اور اس سے مودی سرکار کی گرو نانک دیو اور سکھ برادری کے تئیں بے پناہ عقیدت ظاہر ہوتی ہے۔دوسری جانب کیپٹن امریندر سنگھ نے ٹوئٹ کر کے کرتارپور صاحب کوریڈور کھولنے کے مرکزی حکومت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ہزاروں سکھ یاتریوں کو گرو پرب کے موقع پر وہاں پہنچ کر درشن کرنے کا موقع ملے گا۔

Related Articles