پرینکا گاندھی کو رہا کیا جائے: محبوبہ مفتی
سری نگر، اکتوبر۔ پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سینئر کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ مرکزی حکومت اپوزیشن لیڈروں کو غیر قانونی طریقے سے گرفتار کراکے انہیں اپنے فرائض انجام دینے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں جمہوریت صرف کاغذوں پر ہے اور ملک کے سیاسی طور پر کمزور ہونے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کیا۔انہوں نے ٹویٹ میں کہا: ’حکومت ہند کو پہلے کانگریس کی ملامت کرنے کے لئے اورایک مضبوط اپوزیشن کی عدم موجودگی پر ماتم کرنے کے لئے ایک میڈیا ملتا ہے لیکن مںظم طریقے سے اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ ان (اپوزیشن لیڈروں) کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا جائے تاکہ وہ اپنے فرائض انجام نہ دے سکیں‘۔ٹویٹ میں ان کا مزید کہنا تھا: ’ہمارا ملک صرف کاغذوں پر جمہوری ملک ہے لیکن واضح طور پر یہ ملک سیاسی طور پر ایک کمزور ملک ہو رہا ہے، پرینکا گاندھی کو رہا کیا جائے‘۔بتادیں کہ پرینکا گاندھی کو پیر کے روز لکھم پور کھیری جا نے کے دوران اتر پردیش کے سیتا پور میں گرفتار کیا گیا تھا۔بتادیں کہ جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی نے منگل کے روز پرینکا گاندھی کی گرفتاری کے خلاف سری نگر اور جموں میں احتجاج درج کیا۔