پانچ نو منتخب اراکین نے راجیہ سبھا کی رکنیت کا حلف لیا
نئی دہلی، جون۔نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے جمعہ کو یہاں پانچ نو منتخب اراکین کو راجیہ سبھا کی رکنیت کا حلف دلایا۔جن ارکان نے آج حلف لیا ان میں آندھرا پردیش سے منتخب ہونے والے نرنجن ریڈی سرگاپور اور آر کرشنیا، تلنگانہ سے دامودر راؤ دیواکونڈا اور بی پی ریڈی اور اڈیشہ سے منتخب ہونے والے نرنجن بیشی شامل ہیں۔مسٹر کرشنیا، مسٹر دیواکونڈا اور مسٹر بی پی ریڈی نے تیلگو میں، مسٹر سرگاپور نے انگریزی میں اور مسٹر بشی نے اڑیہ میں حلف لیا۔مسٹر بشی اس نشست پر ضمنی انتخاب کے بعد راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہوئے ہیں جو راجیہ سبھا کے رکن سبھاش چندر سنگھ کے استعفیٰ کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین ہری ونش، پارلیمانی امور کے وزیر مملکت وی مرلی دھرن، راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل اور راجیہ سبھا سکریٹریٹ کے کئی سینئر عہدیدار بھی موجود تھے۔