وزیر دفاع نے دفاعی نمائش کی تیاریوں کا لیا جائزہ
نئی دہلی، فروری۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پیر کو بری، بحری، فضائی اور داخلی سلامتی پر ایشیا کی سب سے بڑی ’دفاعی نمائش 2022‘ کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔دفاعی نمائش کا انعقاد گاندھی نگر، گجرات میں 10 سے 14 مارچ تک کیا جا رہا ہے۔ دو برسوں میں ایک بار منعقد ہونے والی اس نمائش کے انعقاد کے تعلق سے گزشتہ برس کے آغاز میں کورونا کی وبا کے پیش نظر ہنگامی صورتحال تھی لیکن ملکی دفاعی صنعتوں کے مفادات کو ذہن میں رکھتے ہوئے حکومت نے 31 جولائی کو اس نمائش کے گاندھی نگر میں انعقاد کی منظوری دے دی۔ حال ہی میں کورونا انفیکشن میں کمی کے بعد کئی پابندیاں ہٹائے جانے سے منتظمین اور نمائش میں شرکت کرنے والی کمپنیوں کے جوش و خروش میں اضافہ ہوا ہے اور تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔کورونا وبا کے پیش نظر دفاعی نمائش کا انعقاد ہائبرڈ موڈ یعنی فزیکل اور ورچوئل دونوں ذریعہ سے کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اور کمپنیاں اس میں حصہ لے سکیں۔یہ نمائش تین مقامات پرتقریباً ایک لاکھ مربع میٹر کے رقبے میں منعقد کی جا رہی ہے۔ یہ نمائش ہیلی پیڈ ایگزیبیشن سنٹر میں منعقد کی جائے گی، جبکہ مہاتما مندر کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں سیمینار منعقد کیے جائیں گے اور دریائے سابرمتی پر عوام کے لیے ہتھیاروں کی نمائش کی جائے گی۔وزیر دفاع نے بتایا کہ کووڈ پروٹوکول میں حالیہ نرمی کے بعد نمائش میں سب کی دلچسپی بڑھ گئی ہے اور اب تک تعداد کے مطابق اس میں 78 ممالک، 39 وزارتی وفود اور 1000 سے زیادہ کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ نمائش کی مدت میں ایک دن کی توسیع کی گئی ہے جس سے مقامی طلبا کو خصوصی فائدہ ہوگا کیونکہ نمائش دیکھنے کے لیے ان کے لیے خصوصی ٹرپ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ نمائش کے آخری دن 14 مارچ کو ریاست کے اسکولوں اور کالجوں کے طلبا کو داخلہ دیا جائے گا۔نمائش کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد وزیر دفاع نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس کا انعقاد حفاظت کے سبھی معیارات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کامیابی سے کیا جائے گا۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے دفاع اجے بھٹ، آرمی چیف جنرل منوج مکندنروانے، دفاعی سکریٹری ڈاکٹر اجے کمار، ڈی آر ڈی او کے چیئرمین ڈاکٹر جی ستیش ریڈی، مالیاتی مشیر (دفاعی خدمات) سنجیو متل اور وزارت دفاع کے کئی سینئر افسران موجود تھے۔