وزیر اعلیٰ یوگی نے 795 افسران کو تقرری نامہ تقسیم کئے
لکھنؤ، اپریل۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ کو لوک بھون میں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران ریاست کے مختلف محکموں میں اتر پردیش پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ منتخب کردہ 795 افسران کو تقرری نامہ تقسیم کئے۔اس موقع پروزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ آپ کو مکمل شفافیت کے ساتھ منتخب کیا گیا ہے۔ آپ کو کہیں رشوت نہیں دینی پڑی۔ اس سے قبل کی صورتحال سب کو معلوم ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے افسران سے کہہ دیا تھا کہ اگر کسی نے یوپی کے نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلواڑ کیا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے چیف سکریٹری درگا شنکر مشرا کو 1984 میں آئی اے ایس میں منتخب کیا گیا تھا۔39 سال سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ پوری ایمانداری اور دیانتداری سے خدمت کی تو آج اعلیٰ ترین عہدے پرہیں۔ وہ افسران کے لیے رول ماڈل ہو سکتے ہیں۔ آپ لوگوں کو بھی ایسے ہی کام کرنا چاہیے۔ ٹرانسفر کی سفارش کرنے کے بجائے پوری لگن سے کام کریں۔ حکومت خود آپ کو اچھی جگہ پر پوسٹنگ دے گی۔