وزیراعلیٰ نے آنجہانی ہوم گارڈ جوان کے اہل خانہ کو 34 لاکھ کا چیک حوالے کیا
گورکھپور، جنوری۔اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے سڑک حادثے میں ہلاک ہونے والے ہوم گارڈز جوان ناردمونی کے اہل خانہ کو 34 لاکھ روپے کا چیک سونپا۔ انہوں نے تسلی دیتے ہوئے کہا کہ بچے کی دیکھ بھال اور بہتر تعلیم میں کوئی دشواری نہیں ہونے دی جائے گی۔ ہفتہ کو سی ایم یوگی نے گورکھ ناتھ مندر میں واقع اپنے میٹنگ ہال میں ہوم گارڈز کے جوان آنجہانی ناردمونی کے رشتہ داروں (باپ اور بیٹے) سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے امداد کے طور پر بالترتیب 30 لاکھ اور 4 لاکھ روپے کے چیک حوالے کیے۔ کیمپیر گنج تھانہ علاقہ کے رام نگر کیوتالیہ ٹولہ صروف گنج کے رہنے والے ناردمونی کی 18 مارچ 2022 کو ڈیوٹی سے گھر جاتے ہوئے سڑک حادثہ میں موت ہوگئی۔ وہ بی کمپنی سٹی ایریا گورکھپور میں تعینات تھے۔ اس کی بیوی پہلے ہی فوت ہو چکی ہے۔ ان کا اکلوتا نابالغ بیٹا 11 سالہ اجے کمار ہے، جس کی دیکھ بھال اس کے دادا پرشورام کرتے ہیں۔ امدادی رقم کا چیک دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے آنجہانی ناردمونی کے والد پرشورام اور بیٹے اجے کمار کو تسلی دی اور کہا کہ جب تک وہ زندہ ہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ وہ ہر حال میں مدد کے لیے تیار رہیں گے۔ انہوں نے اجے کمار کو آشیرواد دیا اور انہیں بہت زیادہ مطالعہ کرنے کی ترغیب دی۔ کہا کہ کوئی مسئلہ ہو تو بتاؤ۔ ہر پریشانی دور ہو جائے گی۔ اس دوران ہوم گارڈز کے ڈویزنل کمانڈنٹ کے ایچ مشرا، ڈسٹرکٹ کمانڈنٹ وندھیاچل پاٹھک بھی موجود تھے۔