وزیراعظم مودی نے بی ٹی آر میں کی سفاری ، آسکر یافتہ بومن بیلی سے کی بات چیت
میسور، اپریل۔وزیر اعظم نریندر مودی کو اتوار کو کرناٹک کے باندی پور ٹائیگر ریزرو (بی ٹی آر) میں سفاری پر چھلاورن کے کپڑے اور ٹوپی پہنے دیکھا گیا۔مسٹر مودی بی ٹی آر میں 22 کلومیٹر کی سفاری کے بعد پڑوسی تمل ناڈو کی سرحد سے متصل چامراج نگر ضلع کے مڈومالائی ٹائیگر ریزرو (ایم ٹی آر ) میں تھیپاکاڈو ہاتھی کیمپ پہنچے اور آسکر ایوارڈ یافتہ دستاویزی فلم ’دی ایلیفینٹ وِسپرس‘ کے مرکزی ستارے بومن بیلی یوگل کے ساتھ بات چیت کی۔ وزیراعظم کا دورہ سفاری پروجیکٹ ٹائیگر کے 50 سال مکمل ہونے کے موقع پر پروگراموں کا حصہ ہے۔ انہوں نے فرنٹ لائن فیلڈ اسٹاف اور تحفظ کی سرگرمیوں میں شامل ایس ایچ جی کے ساتھ بات چیت کی۔واضح رہے کہ انتخابی ریاست کرناٹکمسٹر مودی کا یہ 8واں دورہ ہے اور انہوں نے جنگلی حیات کی پناہ گاہ میں دو گھنٹے گزارے۔ بی ٹی آر کے عہدیداروں نے بتایا کہ 9 اپریل کو وزیر اعظم مودی کے دورہ کے پیش نظر باندی پور ٹائیگر ریزرو میں اور اس کے آس پاس سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔مسٹر مودی نے اس کے بعد تمل ناڈو کی سرحد سے متصل ضلع چامراج نگر کے مڈومالائی ٹائیگر ریزرو میں تھیپاکاڈو ایلیفنٹ کیمپ کا دورہ کیا اور آسکر ایوارڈ یافتہ ستاروں سے بات چیت کی۔ انہوں نے ہاتھی کیمپ کے مہاوتوں اور کاوڑیوں سے بھی بات چیت کی۔کرناٹک میں میسور اوٹی ہائی وے پر وسیع مغربی گھاٹوں کے دلکش ماحول کے درمیان واقع، بی ٹی آر نیلگیری بایوسفیئر ریزرو کا ایک اہم حصہ ہے۔ اس کے شمال مغرب میں کرناٹک میں راجیو گاندھی نیشنل پارک (ناگرہول) ہے۔ اس کے شمال میں تمل ناڈو کا مڈوملائی وائلڈ لائف سینکچری واقع ہے۔ جنوب اور جنوب مغرب میں کیرالہ میں وایناڈ وائلڈ لائف سینکچری ہے۔ ایک زمانے میں سابق مہاراجاؤں کی نجی شکار گاہ اور نیلگیر کے دامن میں آباد، بانڈی پور کا شیروں کے ساتھ ایک طویل تعلق رہا ہے۔ پرندوں کی 200 سے زیادہ اقسام اور نباتات کا تنوع اس کی دلکشی میں اضافہ کرتا ہے۔ باندی پور میںساگون، شیشم، صندل، انڈین لاریل، انڈین کنو ٹری، بڑے گچھے دار بانس سمیت عمارتی لکڑی کے درختوں کا ایک وسیع سلسلہ ہے۔