میرٹ اور شفافیت کی بنیادوں پرہی بھرتی کی جائے گی: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا
جموں، مارچ۔جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ جن امتحانات کو گذشتہ روز موخر کیا گیا ان کو جلد ہی منعقد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ میرٹ اور شفافیت کی بنیادوں پر بھرتی کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی قسم کے معمولی سے شک و شبہہ کو دور کیا جائے گا۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کو نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیاانہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر سروسز سلیکشن بورڈ نے جن امتحانات کو موخر کیا ان کو جلد ہی منعقد کیا جائے گا۔ایل جی منوج سنہا نے بتایا کہ اگر کسی قسم کا شک ہے تو اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔محبوبہ مفتی کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں منوج سنہا نے کہاکہ جو میں نے کہاکہ وہ سچائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں دہشت گردوں کے ساتھ تعلق رکھنے والے لوگوں کو بھی نوکریاں فراہم کی گئیں اور یہ سچائی ہے۔ان کے مطابق موجودہ سرکار نے تخریبی سرگرمیوں میں ملوث متعدد سرکاری ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کیا۔ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کی جانب سے جموں وکشمیر کے متعلق پیش کئے گئے بجٹ کے بارے میں منوج سنہا نے کہاکہ بجٹ عوام دوست ہے۔انہوں نے کہاکہ نئے جموں وکشمیر کو مد نظر رکھتے ہوئے بجٹ میں پیسے مختص رکھے گئے۔ان کے مطابق چونکہ جموں وکشمیر میں ستر فیصد آبادی اگریکلچر سیکٹر پر منحصر ہے لہذا اس کی اور خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ایل جی منوج سنہا نے کہاکہ سیاحت اور نوجوانوں کی طرف خصوصی طورپر دھیان مرکوز کیا گیا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ بجٹ بہت ہی اچھا ہے اور اس سے یوٹی میں تعمیر وترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔