مہاراشٹر میں اقتدار کھونے کے بعد اب ادھو بنائیں گے شیو بندھن

ممبئی، جولائی۔ شیوسینا کے صدر اور مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے ریاست میں اقتدار کھونے کے بعد شیو بندھن بنانے پر غور کر رہے ہیں تاکہ لیڈر اور کارکن پارٹی کے وفادار رہیں۔ذرائع کے مطابق شیو بندھن کے تحت پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے شیو سینا کے ممبران اسمبلی، کارپوریٹرس اور دیگر عہدیداروں کو مسٹر ٹھاکرے کی قیادت میں اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ایک حلف نامہ لکھنا ہوگا۔ حلف نامہ میں لکھا جائے گا کہ انہیں ادھو ٹھاکرے کی قیادت پر پختہ یقین ہے اور انہیں ان کی غیر مشروط حمایت حاصل رہے گی۔پارٹی نے کہا کہ شیوسینکوں، عہدیداروں، کونسلروں اور ایم ایل ایز کے لیے دستخطی مہم بھی چلائی جائے گی۔شیو سینا نے ایکناتھ شنڈے کی قیادت میں ایم ایل اے کی بغاوت کے بعد احتیاطی تدابیر اختیار کرنا شروع کر دی ہیں۔ ان کی قیادت میں، شیوسینا کے 39 ایم ایل ایز نے بغاوت کی، جس سے مسٹر ٹھاکرے کو وزیر اعلیٰ کے عہدے سے محروم ہونا پڑا۔شیو سینا قیادت نے یہ فیصلہ پارٹی کے ایم ایل ایز کی بڑی تعداد کو شنڈے کیمپ میں شامل ہونے سے روکنے کے لیے لیا ہے۔اس دوران شیو سینا نے مسٹر شنڈے کو پارٹی سے نکال دیا ہے۔ برطرفی کے فیصلے کا اعلان جمعہ کی رات کیا گیا۔

Related Articles