موسم کے دوہرے عذاب سے کسان پریشان، حکومت لاپروا: سیلجا
چنڈی گڑھ، اکتوبر ۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کی رکن اور سابق مرکزی وزیر کماری سیلجا نے کہا ہے کہ اس بار کسانوں کو موسم کی دوہرے مار کا سامنا ہے۔ پہلے ان کی فصل کھیتوں میں بارش سے متاثر ہوتی تھی اور اب منڈیوں میں بارش کے نذر ہو رہی ہے۔انہوں نے منگل کو یہاں کہا کہ اگرچہ انہوں نے گزشتہ 72 گھنٹوں کے اندر پورٹل پر ہونے والے نقصان کے بارے میں اطلاعات دی ہیں، لیکن اس کی جانچ کے سات دنوں کے بجائے 10 دن گزرنے کے بعد بھی دعووں کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ اس سے بی جے پی-جے جے پی مخلوط حکومت کا کسان مخالف چہرہ ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا ہے۔ پٹواریوں کی جانب سے تحقیقات مکمل نہ ہونے کی وجہ سے حکومت معاوضے کا اعلان کرنے سے بھی گریز کر رہی ہے۔کماری سیلجا نے کہا کہ ریاست کے 87 ہزار کسانوں نے پورٹل پر 3.28 لاکھ ایکڑ میں اپنی فصل کے نقصان کی اطلاعات دی ہیں۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ بارش نے فصلوں کو کس طرح تباہ کر دیا۔ ریاست کے ہر حصے میں مسلسل بارش نے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچایا، لیکن فتح آباد، ریواڑی، انبالہ، کیتھل، حصار، چرکی دادری، کروکشیتر، کرنال اور یمنا نگر اضلاع کو زیادہ نقصان پہنچا۔کماری سیلجا نے کہا کہ پٹواریوں کو تحقیقات کے لیے ایک ہفتے کا وقت دینا بھی غلط ہے۔ یہ وقت صرف 48 گھنٹے ہونا چاہیے تھا۔ پٹواریوں کی مدد کے لیے دیہات کے چوکیدار اور نمبردار مقرر کیے جا سکتے تھے۔ اس سے فوری طور پر پوری رپورٹ تیار ہو جاتی اور پھر اگلے 24 گھنٹوں کے اندر کسانوں کے کھاتے میں معاوضہ کی رقم جمع کرائی جا سکتی تھی۔