مودی راجستھان کی پہلی وندے بھارت ایکسپریس کو جھنڈی دکھاکر روانہ کریں گے
جے پور، اپریل۔وزیر اعظم نریندر مودی بدھ کے روز راجستھان کی پہلی وندے بھارت ایکسپریس کو جھنڈی دکھاکر روانہ کریں گے۔ مسٹر مودی دہلی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ جے پور-دہلی کینٹ اسپیشل ٹرین سروس کو ہری جھنڈی دکھاکرروانہ کریں گے۔ اس موقع پر جے پور میں منعقد ہونے والے پروگرام میں ریلوے، مواصلات، الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے وزیر اشونی وشنو موجود رہیں گے۔نارتھ ویسٹرن ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن افسر کیپٹن ششی کرن کے مطابق ریلوے انتظامیہ کے ذریعہ اجمیر-دہلی کینٹ- اجمیر وندے بھارت ٹرین سروس مسافروں کی سہولت کے لیے چلائی جارہی ہے اور 12 اپریل کو ٹرین نمبر 09617 جے پور- دہلی کینٹ وندے بھارت اسپیشل ٹرین سروس جے پور سے صبح 11:00 بجے روانہ ہوکر شام 4:00 بجے دہلی کینٹ پہنچے گی۔ٹرین راستے میں گاندھی نگر، جے پور، بسی، دوسہ، بندیکوئی، راج گڑھ، الور، کھیرتھل، ریواڑی، پٹودی روڈ، گڑھی ہرسرو اور گڑگاؤں اسٹیشنوں پر رکے گی۔اس ریل سروس میں کل 16 بوگیاں ہوں گی جن میں 12 ایئر کنڈیشنڈ چیئر کاریں، 02 ایئر کنڈیشنڈ ایگزیکٹو چیئر کاریں اور 02 ڈرائیونگ کار کلاس کوچز شامل ہیں۔نئی وندے بھارت ایکسپریس دہلی کینٹ اور اجمیر کے درمیان کی دوری پانچ گھنٹے 15 منٹ میں طے کرے گی۔اسی روٹ کی موجودہ سب سے تیز ٹرین شتابدی ایکسپریس دہلی کینٹ سے اجمیر کےلئے چھ گھنٹے 15 منٹ کا وقت لیتی ہے۔اس طرح نئی وندے بھارت ایکسپریس اسی روٹ پر چلنے والی موجودہ سب سے تیز ٹرین کے مقابلے میں 60 منٹ تیز ہوگی۔اجمیر- دہلی کینٹ وندے بھارت ایکسپریس ہائی رائز اوور ہیڈ الیکٹرک (او ایچ ای) پر دنیاکی پہلی ہائی اسپیڈ پسنجر ٹرین ہوگی۔یہ ٹرین پشکر،اجمیر شریف درگاہ وغیرہ سمیت راجستھان کے اہم سیاحتی مقامات کو جوڑنے میں بہتری لائےگی جس سے یہاں سماجی و اقتصادی ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔