منوہر لال نے راشٹریہ ایکتا دیوس پر قومی اتحاد کا حلف دلایا
چنڈی گڑھ، اکتوبر۔ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال نے راشٹریہ ایکتا دیوس پر مردآہن سردارولبھ بھائی پٹیل کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔پٹیل جینتی پر وزیر اعلیٰ نے ان کے قدموں پر پھول چڑھائے اور سماج کو ان کے دکھائے ہوئے راستے پر چلنے کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی نوجوان نسل میں قومی یکجہتی کا جذبہ پیدا ہوناچاہیے تب ہی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔وزیر اعلیٰ پیر کو ہریانہ سول سیکرٹریٹ میں راشٹریہ ایکتا دیوس پرمنعقدہ حلف برداری کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ آج 31 اکتوبر کا دن ملک میں سابق وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش کو راشٹریہ ایکتا دیوس کے طورپر منایاجاتاہے۔ اس دن کا نام سردار پٹیل کی سوچ اور ان کے ناقابل یقین کاموں کی بنیاد پر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے جدوجہد آزادی میں اہم کردار ادا کیا اور آزادی کے بعد ملک کو ایک دھاگے میں جوڑنے کا کام بھی کیامسٹر منوہر لال نے کہا کہ ملک کو انگریزوں سے آزادی تو ملی لیکن 565 ریاستوں کو ان کی اپنی مرضی پر چھوڑ دیاگیاتھا۔ مسٹر پٹیل نے نائب وزیر اعظم کے ساتھ ساتھ وزیر داخلہ کا چارج بھی سنبھالا اور اپنی فہم وفراست سے 562 ریاستوں کو ہندوستان کے پرچم تلے ضم کردیا اوراکھنڈ بھارت کی تعمیر کی۔ انہوں نے آزادی کے بعد ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کر کے قومی اتحاد کو مضبوط کرنے میں جس طرح اہم کردار ادا کیا، ملک ہمیشہ ان کا مقروض رہے گا۔