منتخب عوامی نمائندے اداروں کو مثالی بنائیں: شیو راج
بھوپال، اکتوبر۔مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ نو منتخب عوامی نمائندوں کو اپنے اداروں کو مثالی بنائیں۔ عوام الناس کی خدمت کرکے اپنی ذمہ داری پر کھرے اتریں۔مسٹر چوہان آج وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ میں ضلع سیہور کے چار شہری اداروں کے نو منتخب نمائندوں کے تربیتی پروگرام کا افتتاح کر رہے تھے۔ ان اداروں میں بڈنی، ریہٹی، شاہ گنج اور نصراللہ گنج شامل ہیں۔ تربیتی پروگرام میں ان اداروں کے 64 منتخب عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صفائی کے ساتھ ساتھ ماحولیات کے تحفظ، بجلی اور پانی کی بچت اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے سرگرم عمل رہیں۔ اس سے عوامی نمائندوں اور اداروں کو شہرت بھی ملے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوامی نمائندے کے طورپر منتخب ہونے کے بعد عوام کی فلاح و بہبود کے لئے لگن سے کام کرنا ہوگا۔ ایسا کام کر کے دکھائیں کہ لوگ تعریف کرنے پر مجبور ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک جدید تربیتی پروگرام ہے۔ انہوں نے تمام نو منتخب نمائندوں کو جیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بہت سے نمائندے بلامقابلہ آئے ہیں۔ عوامی نمائندوں کو عوام کی خدمت کرتے ہوئے عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہوگا۔ مسٹر چوہان نے کہا کہ ایک پروجیکٹ بنایا گیا ہے، جس کا نام پرجول بدنی ہے۔ اس کے تحت کئی ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ بدنی، نصراللہ گنج کے ’گورو دیوس ‘کے بعد اب شاہ گنج اور دیگر اداروں کا گورو دیوس بھی منایا جانا ہے۔