ممتا بنرجی مرکزی اسکیموں کا نام تبدیل کررہی ہے:شوبھندو ادھیکاری
کلکتہ،مارچ۔ میونسپل انتخابات میں اپنے ہی گڑھ میں شکست کا سامنا کرنے کے بعداپوزیشن لیڈر و بنگال میں سینئر بی جے پی لیڈر شوبھندو ادھیکاری نے اس شکست پر کوئی تبصرہ کرنے کے بجائے وزیر اعظم نریندر مودی کوخط لکھ کر آگاہ کیا ہے کہ ممتا بنرجی کی قیادت والی حکومت مرکزکی اسکیموں کا نام تبدیل کرکے اس کو بنگال حکومت کی اسکیم ہونے کا دعویٰ کررہی ہے۔جب کہ ان اسکیموں کےلئے مرکزی حکومت کی طرف سے فنڈ ملتے ہیں ۔شوبھندو ادھیکار نے اپنے خط میں جل جیون مشن پروجیکٹ کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اس پروجیکٹ کا نام وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے تبدیل کردیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ بنگال میں اس اسکیم کو ’’جل سوپنا‘‘ کے نام سے شروع کیا گیا ہے جب کہ منصوبہ درحقیقت مرکز کا ہے۔ انہوں نے خط لکھا ہے کہ یہ اسکیم مرکزی حکومت کے فنڈ سے چل رہی ہے اس کے باوجود اسکیم کو ممتا بنرجی اپنی اسکیم بتارہی ہیں ۔اس منصوبے کا ہدف 2024 تک ملک کے تمام دور دراز علاقوں میں گھروں تک نل کا پانی پہنچانا ہے۔مرکز نے اس پروجیکٹ میں ریاست کے لیے 8,996کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔ادھیکاری نے لکھا ہے کہ ممتا بنرجی یہ دعویٰ کررہی ہیں اس پوری اسکیم کو ریاستی حکومت اپنے فنڈ سے چلارہی ہے۔ ریاستی حکومت نے پی ایم آواس یوجنا کا نام بھی بنگال آواس یوجنا اورپی ایم گرام سڑک یوجنا کا نام بدل کربنگلہ گرام سڑک یوجناکر دیا ہے۔خیال رہے کہ کانتی میونسپلٹی پر گزشتہ چالیس سالوں سے ادھیکاری خاندان کا دبدبہ تھا۔پہلے ان کے والد ششیر ادھیکاری چیرمین ہوتے تھے اور اس کے بعدا ن کے چھوٹ ے بیٹے سومندو ادھیکاری چیر مین تھے۔ترنمول کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد شوبھندو ادھیکاری کو امید تھی کہ کانتی میں ان کا دبدبہ برقرار رہے گا مگر ترنمول کانگریس نے بڑی اکثریت سے کانتی میونسپلٹی پر قبضہ کیا ہے۔اس شکست سے شوبھندو ادھیکاری کے سیاسی قد کو شدید نقصان پہنچا ہے۔