ممتا بنرجی سے اختلافات کا کوئی سوال ہی نہیں ہوتا ہے: ابھیشیک بنرجی
کلکتہ ،فروری ۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور اپنی پھوپھی سے اختلافات کی تردید کرتے ہوئے ابھیشیک بنرجی نے واضح کیا ہے کہ ممتا بنرجی ان کی لیڈر ہیں اور وہ ان کیلئے آئیڈیل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان سے اختلافات کا کوئی سوال ہی نہیں ہوتا ہے۔ایک بنگلہ نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ابھیشک بنرجی نے کہا کہ ممتا بنرجی کو دیکھ کر وہ بڑے ہوئے ہیں اور وہ ان کی آئیڈیل ہیں۔خیال رہے کہ بنگال کی سیاست میں یہ گردش کررہی تہے کہ ممتا بنرجی اور ان کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی کے درمیان اختلافات ہیں۔جنرل سیکریٹری کے عہدہ سے استعفیٰ بھی اسی اختلافات کا نتیجہ ہے۔تاہم ابھیشیک بنرجی نے تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے کہا کہ ممتا بنرجی کا فیصلہ ہی آخری فیصلہ ہے۔ممتا بنرجی اور ابھیشیک بنرجی کے درمیان اختلافات کی خبریں گزشتہ چند دنوں سے میڈیا اور سوشل میڈیا پرگردش کررہی ہیں۔خیال رہے کہ ممتا بنرجی نے گزشتہ دنوں اچانک پارٹی لیڈروں کی میٹنگ طلب کرتے ہوئے قومی ایگزیکٹیو کمیٹی کی تشکیل کی اور باقی تمام عہدے ختم کردیا۔بنگال اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی کے بعد ترنمول کانگریس نے پارٹی کے دائرہ کار کو ملک بھر میں توسیع کرنے کے عزم کے ساتھ ابھشیک بنرجی کو جنرل سیکریٹری مقرر کیا گیا تھا۔مگر اس درمیان ابھشیک بنرجی کو لے کر پارٹی کے سینئر لیڈروں کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آنے لگے۔کئی سینئر لیڈر وں نے سامنے آکر کہا کہ وہ ممتا بنرجی کو ہی اپنا لیڈر مانتے ہیں۔ابھیشیک بنرجی نے انٹرویو میں کہا کہ ممتا بنرجی نے کافی جدو جہد کے بعدپارٹی کو اس مقام تک پہنچایا ہے۔ترنمول کانگریس کی اصل طاقت ممتا بنرجی اور ریاست کی عوام ہے۔ممتا بنرجی ہمیں جو کام دیں گی وہ ہم کریں گے۔پارٹی کومل کرآگے لے جائیں گے۔ممتا بنرجی کے بتائے ہوئے راستے پرچلیں گے۔