مدھیامک امتحان کے دور ان انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ غلط:دلیپ گھوش

کلکتہ،مارچ ۔مدھیامک امتحان کے دور ان گزشتہ سالوں میں سوالنامہ سوشل میڈیا پر لیک ہونے کے واقعات کو ذہن میں رکھتے ہوئے، ریاستی حکومت نے اس سال سوالنامہ لیک ہونے سے روکنے کے لئےمختلف مقامات پر امتحانی مراکز کے قریب انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم، بی جے پی کے آل انڈیا نائب صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ ریاستی حکومت کا فیصلہ جائز نہیں ہے۔ ان کے مطابق اس کی وجہ سے عام آدمی کے لیے مشکلات پیدا ہوں گی اور بینکنگ خدمات پر بھی بہت زیادہ اثر پڑے گا۔ دلیپ گھوش نے کہاکہ ریاستی حکومت اب نظام پر قابو نہ پا کر عام آدمی کو مشکل میں ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔گزشتہ سال کورونا کی صورتحال کی وجہ سے آف لائن سیکنڈری امتحان نہیں ہوا تھا۔ اس سال کورونا قوانین کی پابندی کے ساتھ آف لائن امتحانات ہورہے ہیں۔آج امتحان کا پہلا دن ہے۔پرچہ لیک ہونے سے روکنے کے لیے سی سی ٹی وی کی نگرانی کی جا رہی ہے لیکن دلیپ گھوش کا خیال ہے کہ انٹرنیٹ بند ہونے کی وجہ سے بینکنگ خدمات متاثر ہو سکتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پورے ملک میں بہت سے بڑے ٹیسٹ ہو رہے ہیں، لیکن کہیں بھی انٹرنیٹ بند نہیں ہے۔ اس طرح انٹرنیٹ سروس بند کر کے عام زندگی درہم برہم ہو رہی ہے۔ بینکنگ خدمات بند ہوسکتی ہیں۔ اس کے نتیجے میں عام آدمی بہت مشکل میں پڑ جائے گا۔

Related Articles