مانڈویا نے کورونا ٹیکہ کاری میں ہر شخص تک پہنچنے پر زور دیا
نئی دہلی، نومبر۔صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر منسکھ مانڈویا نے کورونا ٹیکہ کاری مہم میں ہر شخص تک پہنچنے پر زور دیتے ہوئے ریاستوں کو یقین دلایا ہے کہ ملک میں کووڈ ویکسین کی کوئی کمی نہیں ہے۔ جمعرات کو یہاں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزرائے صحت کے ساتھ کووڈ ٹیکہ کاری کی ہر گھر دستک مہم کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے مسٹر مانڈویا نے کہا کہ کووڈ ویکسین پہنچانے کے لیے ہر فرد تک پہنچنے کی کوشش کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا، ’کووڈ ویکسینیشن مہم میں کسی بھی شخص چھوٹنا نہیں چاہیے۔ اس کے لیے اجتماعی کوششیں کی جانی چاہئیں‘۔مسٹر مانڈویا نے کہا کہ ہر شخص کو کورونا وبا کے خلاف کووڈ ویکسین کا تحفظ ملنا چاہیے۔ انہوں نے ریاستوں کو ہر طرح کی مدد کا یقین دلایا اور کہا کہ ملک میں کووڈ ویکسین کی کوئی کمی نہیں ہے۔ مرکزی وزیر نے کووڈ معیار پر عمل درآمد یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئےکہا کہ ویکسینیشن ایک حفاظتی اقدام ہے لیکن کووڈ کے معیارکی پابندی میں نرمی نہیں کی جانی چاہئے۔صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر بھارتی پروین پوار بھی میٹنگ میں موجود تھیں۔ میٹنگ میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کووڈ کی روک تھام اور انتظام کے لیے صحت عامہ کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس میں کیرالا کی وزیر صحت وینا جارج، اتراکھنڈ کے ڈاکٹر دھن سنگھ راوت، جھارکھنڈ کے بنّا گپتا، میزورم کے ڈاکٹر لالتھنگلیانہ، بہار کے منگل پانڈے، کرناٹک کے ڈاکٹر کے سدھاکر، مہاراشٹر کے راجیش ٹوپے، مدھیہ پردیش کے ڈاکٹر پربھورام چودھری، اتر پردیش کے جے پرتاپ سنگھ، تمل ناڈو کے سبرامنیم، گوا کے وشواجیت رانے، گجرات کے رشیکیش گنیش بھائی پٹیل، آسام کے کیشو مہانتا اور دہلی کے ستیندر جین موجود تھے۔ اس کے علاوہ تمام ریاستوں کے پرنسپل سکریٹریز، ایڈیشنل چیف سکریٹریز اور نیشنل ہیلتھ مشن کے ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔مرکزی وزیر نے کہا کہ اس وقت 79 فیصد بالغ آبادی کو کووڈ ویکسین کی پہلی خوراک اور 38 فیصد اہل آبادی کو دوسری خوراک مل چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 12 کروڑ سے زیادہ مستفید افراد کو وقت گزرنے کے باوجود دوسری خوراک نہیں ملی ہے۔انہوں نے ریاستی وزراء صحت پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ پہلی خوراک تمام بالغ آبادی کو دی جائے اور لوگوں کو جاری ’ہر گھر دستک‘ مہم کے دوران دوسری خوراک کے لیے ترغیب دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے بیداری مہم شروع کی جائے اور بچوں کو اس میں شامل کیا جانا چاہیے۔میٹنگ میں مرکزی ہیلتھ سکریٹری راجیش بھوشن، آئی سی ایم آر کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر بلرام بھارگو، ہیلتھ سروسز کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سنیل کمار اور ایڈیشنل سکریٹری (صحت) ڈاکٹر منوہر اگنانی اور وزارت کے دیگر سینئر افسران موجود تھے۔