مالپورہ معاملہ میں حکومت کو قدم اٹھانا چاہئے: کٹاریہ
جے پور، ستمبر ,راجستھان میں اپوزیشن کے لیڈر گلاب چند کٹاریہ نے کہاکہ ٹونک ضلع کے مالپورہ میں غیرمحفوظ محسوس کررہے کنبوں کے معاملہ میں ریاستی حکومت کو جلد کوئی قدم اٹھانا چاہئے۔
مسٹر کٹاریہ نے اس معاملہ پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ایسی جگہوں پر سخت قانونی انتظامات کے لئے سخت حکام کی ضرورت ہوتی ہے اور اس سے دونوں سماج میں ہم آہنگی اور ترقی کے کام کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مالپورہ کے متاثرین کو سیکورٹی کی ضرورت بتاتے ہوئے کہا کہ وہاں متاثرہ لوگوں نے اپنے گھروں کے آگے پوسٹر لگاکر حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ انہیں سیکورٹی دو، نہیں تو وہ گھرچھوڑ کر محفوظ مقامات پر جارہے ہیں۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ محفوظ نہیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس لئے حکومت کو کوئی قدم اٹھانا چاہئے نہیں تو کوئی بڑا حادثہ بھی ہوسکتا ہے۔مسٹر کٹاریہ نے کہا کہ وہ پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ ریاست میں وزیراعلی کو اپنے داخلہ محکمہ کے لئے ایک معاون وزیر بنا دینا چاہئے تاکہ وہ پورا وقت دیکر واقعات اور مسائل کوحل اور نگرانی کرسکے۔ انہوں نے کہاکہ امن و قانون بھگوان بھروسہ نہیں چل سکتا۔خیال رہے کہ ریاستی بی جے پی نے مالپورہ میں ہندو کنبوں کی نقل مکانی کے معاملہ پر اپنی تین رکنی ایک جانچ کمیٹی بھی بھیجی جو اتوار کو مالپورہ کا دورہ کرکے واپس آئی ہے۔