لکھیم پور کھیری قتل کیس کی سماعت ملتوی، تفتیش کی نگرانی پر پیر کے روز فیصلہ

نئی دہلی، نومبر ۔سپریم کورٹ میں لکھیم پور کھیری قتل کیس میں ہائی کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کو تحقیقات کی نگرانی کی ذمہ داری سونپنے پر جمعہ کے روز کوئی فیصلہ نہیں سنایا گيا اور اس معاملے پر پیر کے روز فیصلہ ہو سکتا ہے۔چیف جسٹس این وی رمن، جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس ہیما کوہلی کی بنچ نے جمعہ کے روز حکومت اتر پردیش کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل ہریش سالوے کی درخواست پر سماعت پیر کے روز تک ملتوی کر دی۔سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت کے دوران پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ ججوں جسٹس رنجیت سنگھ اور جسٹس راکیش کمار جین کے نام تجویز کیے تھے۔ بنچ نے ریاستی حکومت کو تجویز دی تھی کہ وہ دونوں ججوں میں سے کسی ایک سے تحقیقات کی نگرانی کرائے۔حکومت اتر پردیش کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل ہریش سالوے نے سماعت شروع ہوتے ہی بنچ کے سامنے کہا کہ "وہ کچھ کام کر رہے ہیں۔ سماعت پیر کے روز تک ملتوی کی جائے۔”گزشتہ سماعت کے دوران انہوں نے بنچ کو یقین دلایا تھا کہ لکھیم پور کھیری کیس کی تحقیقات کے لیے قائم کردہ ایس آئی ٹی کی نگرانی کے لیے سپریم کورٹ کی طرف سے تجویز کردہ ججوں کے ناموں پر حکومت جمعہ کے روز اپنی رائے پیش کرے گی۔چیف جسٹس کی صدارت والی ڈویژن بنچ نے اب تک کی سماعتوں کے دوران یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت کی تحقیقات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کئی بار سرزنش کی ہے۔گزشتہ سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے بادی النظر میں ایک ملزم کو ریاستی حکومت کے ذریعہ بچانے کی کوشش سمیت متعدد سوالات اٹھائے تھے ۔ حکومت کو گواہوں کو سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے، بنچ نے سی آر پی سی کی دفعہ 164 کے تحت ان کے بیانات کی ریکارڈنگ میں تیزی لانے کا حکم دیا تھا۔عدالت عظمیٰ نے ثبوت جمع کرنے میں مبینہ طور پر سست روی اختیار کرنے کے لیے بھی حکومت اتر پردیش کی سرزنش کی تھی اور دستیاب شواہد کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو اس کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا حکم دیا تھا۔واضح رہے کہ 3 اکتوبر کو اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری میں مرکز کے نئے زراعتی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے چار کسانوں سمیت آٹھ افراد کی موت ہو گئی تھی۔ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر اجے مشرا کے بیٹے آشیش مشرا اس واردات کے کلیدی ملزمین میں شامل ہیں۔ پولس نے آشیش سمیت دیگر ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ آشیش کو کلیدی ملزم بتایا جا رہا ہے۔ایک سال سے احتجاج کرنے والے کسان 3 اکتوبر کو، مرکزی وزیر مملکت کے آبائی گاؤں میں منعقدہونے والے پروگرام کے لیے اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ الزام ہے کہ لکھیم پور کھیری میں سڑکوں پر احتجاج کر نے والے کسانوں کو ایک کار سے کچل دیا گیا۔مسٹر اجے مشرا کا بیٹا آشیش دیگر ملزمان کے ساتھ اس کار میں سفر کر رہا تھا۔ ایک کار سے چار افراد کو کچلنے کے بعد ہونے والے تشدد میں چار دیگر ہلاک ہو گئے۔ مشتعل ہجوم نے لوگوں کو کچلنے والی گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا۔ اس واقعے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک مقامی صحافی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے دو کارکن بھی شامل ہیں۔

Related Articles