لوک سبھا میں ساتویں دن بھی کارروائی متاثر

نئی دہلی، مارچ۔ بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلے کے دوسرے ہفتہ کے دوسرے دن لوک سبھا میں حکمراں پارٹی اور اپوزیشن کے ارکان کے درمیان ہنگامہ جاری رہا جس کی وجہ سے وقفہ سوالات اور وقفہ صفر منگل کے روز بھی متاثررہا۔ زبردست شوروغل کے سبب اسپیکر اوم برلا کو ایوان کی کارروائی دو بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔ صبح 11 بجے ایوان کی کارروائی کے بعد جیسے ہی مسٹر برلا نے ایوان میں سوالیہ وقفہ شروع کیا تو حکمراں پارٹی اور اپوزیشن کے ارکان نے اپنی اپنی نشستوں سے نعرے بازی شروع کردی۔ دونوں طرف کے ارکان نے زبردست ہنگامہ کیا ۔ اپوزیشن ارکان بھی پلے کارڈز اٹھا کر احتجاج ظاہر کرنے کے لیے سیٹ کے گرد جمع ہو گئے۔ اسپیکر نے متعدد بار دونوں فریقین کو اپنی اپنی نشستوں پر جانے کا اشارہ دیا لیکن ہنگامہ جاری رہا۔شوروغل کے درمیان اسپیکر نے کہا کہ پیر کو انہوں نے تمام پارٹیوں کے لیڈروں کو الگ الگ بلایا تھا اور انہیں بتایا تھا کہ بجٹ سیشن اہم ہے اور سیشن کی کارروائی چلنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وقفہ سوالات کے بعد اپوزیشن اراکین کو اپنا موقف پیش کرنے کے لیے کافی وقت دیا جائے گا ۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے وقفہ سوالات جاری رکھنے پر زور دیا۔ لیکن اس کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ اس کے بعد اسپیکر نے کہا کہ اگر آپ ایوان نہیں چلانا چاہتے تو میں ایوان کی کارروائی دو بجے تک ملتوی کرتا ہوں۔

 

Related Articles