قومی دارالحکومت سردی کی گرفت میں، محکمہ موسمیات نے ریڈ الرٹ جاری کیا
نئی دہلی، جنوری ۔دہلی اور قومی راجدھانی خطہ (این سی آر) میں اگلے چند دنوں تک گھنے دھند کا امکان ہے۔اس کے ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے 7 جنوری تک جاری سردی کی لہر پر ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔دہلی میں شمال مغربی سمتوں سے چلنے والی برفیلی ہواؤں کی وجہ سے، لودھی روڈ پر آج کم سے کم درجہ حرارت 2.8 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا، جو کئی پہاڑی علاقوں سے نیچے رہا۔ اس طرح دہلی میں آج کی صبح موسم کی سرد ترین صبح رہی اور دارالحکومت کے مکینوں کو شدید سردی کا سامنا کرنا پڑا۔محکمہ موسمیات کے مطابق صفدرجنگ میں کم سے کم درجہ حرارت تین ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ اگلے دو سے تین دنوں میں ہندوستان کے شمال مغرب اور وسطی و مشرقی ہندوستان میں کافی گھنی دھند پڑ سکتی ہے۔ پالم، دہلی میں 25 میٹر اور صفدر جنگ میں 50 میٹر کی حد تک بینائی ریکارڈ کی گئی ہے۔سردی کے پیش نظر دہلی ایئرپورٹ نے بھی تمام مسافروں کو الرٹ کر دیا ہے۔ ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت تمام پروازیں آسانی سے چل رہی ہیں تاہم آنے والے وقت میں کم وزیبلٹی کے باعث پروازوں میں تاخیر ہوسکتی ہے۔قابل ذکر ہے کہ پیر اور منگل کے درمیان تقریباً 100 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ کچھ پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی سمیت این سی آر خطہ میں اگلے چند دنوں تک گھنی دھند پڑنے کی توقع ہے۔ ساتھ ہی محکمہ نے 7 جنوری تک جاری سردی کی لہر کی وجہ سے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔غورطلب ہے کہ بدھ کو دارالحکومت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 16.5 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت معمول سے 3 ڈگری کم 4.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔