فضائیہ نے مارشل آف ایئر فورس ارجن سنگھ کو یاد کیا
نئی دہلی، اپریل ۔فضائیہ آج اپنے جانباز آنجہانی مارشل آف ایئر فورس ارجن سنگھ (ڈی ایف سی) کو ان کی 103 ویں یوم پیدائش پر خراج عقدت پیش کر رہی ہے۔فضائیہ اور پورا ملک فضائیہ کو ان کے کارنامے کو سلام کرتے ہیں۔مارشل آف ایئر فورس ارجن سنگھ 15 اپریل 1919 کو لائل پور (اب پاکستان کا فیصل آباد) میں پیدا ہوئے۔ 19 سال کی عمر میں، انھیں آر اے ایف کالج، کرینویل میں تربیت کے لیے منتخب کیا گیا اور دسمبر 1939 میں انھیں رائل ایئر فورس میں بطور پائلٹ آفیسر کمیشن حاصل ہوا۔ انھیں دوسری جنگ عظیم کے دوران برما مہم میں شاندار قیادت، عظیم مہارت اور ہمت کے لیے ڈسٹنگویشڈ فلائنگ کراس (ڈی ایف سی) سے نوازا گیا۔ 15 اگست 1947 کو جب ہندوستان نے آزادی حاصل کی تو انھیں دہلی کے لال قلعہ کے اوپر سےایک سو سے زائد ہندوستانی فضائیہ کےطیاروں کے فلائی پاسٹ کی قیادت کرنے کا منفرد اعزاز دیا گیا۔ یکم اگست 1964 کو ارجن سنگھ نے 44 سال کی عمر میں ایئر مارشل کے عہدے کے ساتھ فضائیہ کے سربراہ (سی اے ایس) کا عہدہ سنبھالا۔ستمبر 1965 میں ہندوستان کے لیے آزمائش کا وقت آیا جب پاکستان نے آپریشن گرینڈ سلیم شروع کیا، جس میں اہم شہر اکھنور کو نشانہ بنایا گیا۔ جب انھیں وزیر دفاع کے دفتر میں فضائی مدد کے لیے طلب کیا گیا اور پوچھا گیا کہ ہندوستانی فضائیہ کتنی جلدی کارروائیوں کے لیے تیار ہو سکتی ہے، تو انہوں نے اپنےتیقن بھرے انداز میں کہا، ’…ایک گھنٹے میں‘۔ اور واقعی، ہندوستانی فضائیہ نے گھنٹے بھر میں پاکستانی جارحیت کو نشانہ بنایا نیز پاکستانی فضائیہ (پی اے ایف) پر فضائی برتری حاصل کر لی۔ اس طرح ہندوستانی فوج کو اسٹریٹجک فتوحات حاصل کرنے میں مدد کی۔انھیں 1965 کی جنگ میں ان کی شاندارقیادت کے لیے پدم وبھوشن سے نوازا گیا تھا۔ ارجن سنگھ ہندوستانی فضائیہ کے پہلے ائیر چیف مارشل بنے۔ جولائی 1969 میں ریٹائر ہونے کے بعد انہوں نے ہندوستانی فضائیہ کی بہتری اور فلاح و بہبود کے لیے اپنا تعاون مسلسل جاری رکھا۔ انہوں نے 1971 سے 1974 تک سوئٹزرلینڈ، ہولی سی اور لیچین اسٹین میں ہندوستان کے سفیر کی حیثیت سے بھی ملک کے لیے اپنی خدمات پیش کیں ۔ اس کے بعد انہوں نے 1974 سے 1977 تک نیروبی ، کینیا میں ہندوستانی ہائی کمیشن کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ 1978 سے 1981 تک اقلیتی کمیشن آف انڈیا اور 1989 سے 1990 تک دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ان کی خدمات کے اعتراف میں، حکومت ہند نے جنوری 2002 میں ارجن سنگھ کو مارشل آف دی ایئر فورس کے عہدے سے نوازا ۔ اس طرح وہ ہندوستانی فضائیہ کے پہلے ’فائیو اسٹار‘ رینک کے افسر بنے۔ ہندوستانی فضائیہ میں ان کی خدمات کی یاد میں، 2016 میں ایئر فورس اسٹیشن پاناگڑھ کا نام تبدیل کر کے ایئر فورس اسٹیشن ارجن سنگھ رکھ دیا گیا۔ان کی متحرک شخصیت، پیشہ ورانہ قابلیت، قیادت اور تزویراتی وژن نے ایک جداگانہ شناخت فراہم کی اور اس طرح وہ ہندوستانی فضائیہ کی ایک علامت ہیں۔