عوامی تعاون اور اشتراک نیشنل کانفرنس کی اصلی طاقت: فاروق عبداللہ

سری نگر،فروری۔جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صد رڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی اور اس دوران پارٹی سرگرمیوں، تنظیمی پروگراموں، جموں وکشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، لوگوں کو درپیش مسائل و مشکلات ، اور دیگر اموارات زیر بحث آئے۔ اجلاس میں پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر نے اجلاس میں تینوں صوبوں کی تنظیمی سرگرمیوں اور عوامی رابطہ مہم کا خلاصہ پیش کیا اور گذشتہ ایام سے جاری بلڈوزر مہم سے لوگوں میں پائی جارہی بے چینی اور غیر یقینیت کی مکمل جانکاری بھی دی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی سے وابستہ افراد کو ثابت قدم اور پُرعزم رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل کانفرنس اپنے اصولوں پر قائم و دائم ہے اور یہ جماعت ہر مشکل میں عوام کیساتھ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے مشکل سے مشکل طوفان اور نشیب و فراش دیکھے ہیں اور ہمیشہ عوامی اشتراک اور تعاون سے سرخرو ہوکر اُبھری ہے۔ آگے مزید مشکل صورتحال اور سخت چیلنجز آنے والے ہیں ،ہمیں ثابت قدم رہ کر اپنے حوصلے بلند رکھنے ہونگے، اسی میں ہماری کامیابی کا راز مضمر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم حق پر ہیں اور حق کی ہمیشہ جیت ہوتی ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ لوگوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور لوگوں کی راحت رسانی کے کاموں میں اپنا رول نبھائے۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر اور لداخ کے لوگوں نے ہی نیشنل کانفرنس کی آبیاری کرکے اس جماعت کو ہر امتحان میں سرخرو کیا ہے اور ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم ہر حال میں خود کو لوگوں کیلئے وقف رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کی بالادستی مقدم ہے اور ہمیں ہر حال میں ربط و ضبط کا خاص خیال رکھنا چاہئے اور پارٹی کی مضبوطی عوامی رابطہ سے ہی ممکن ہے۔

 

Related Articles