شیوراج نے آبائی گاوں جیت میں افسران کوخبردارکیا
بدھنی نومبر۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے ضلع سیہورمیں واقع آبائی گاؤں جیت میں دیہی باشندوں کے ذریعہ پینے کے پانی سے متعلق مسائل کی شکایت کرنے پر متعلقہ افسران کی سخت سرزنش کی اور کہا ہے کہ یہ سب 15 دنوں میں ٹھیک ہوجانا چاہیے۔مسٹر چوہان ہفتہ کو اپنے اسمبلی حلقہ بدھنی کے دورے پر تھے۔ اس دوران وہ اپنے آبائی گاؤں جیت بھی پہنچے اور لوگوں سے بات چیت کی۔ کئی گاؤں والوں نے پینے کے پانی سے متعلق مسائل کے بارے میں بتایا۔ مسٹر چوہان نے اسٹیج سے ہی متعلقہ افسران کواپنے پاس بلایا اور کہا، نل میں پانی آرہا ہے یا نہیں، کیا یہ دیکھنا وزیراعلیٰ کا کام ہے۔ جتنی بھی درخواستیں آئی ہیں وہ 15 دن میں نمٹائی جائیں ورنہ تم لوگ یہاں نہیں رہوگے۔مسٹر چوہان نے افسروں سے سخت لہجے میں مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ کیا وزیر اعلیٰ اس طرح حمالی کرے گا؟ انہوں نے ڈویژنل کمشنر اور کلکٹر کو یہ بھی ہدایت دی کہ ان تمام شکایات کا ازالہ یقینی بنایا جائے اور علاقے میں سروے کیا جائے اور کسی شہری کو پینے کے پانی اور دیگر مسائل کا سامنا نہ ہو۔