شمالی تمل ناڈو میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی
چنئی، نومبر۔جنوب مغربی اور جنوب مشرقی خلیج بنگال کے اوپر کم دباؤ کا علاقہ اگلے 48 گھنٹوں میں شمالی تمل ناڈو کے ساحل کی طرف بڑھنے کا امکان ہے جس سے زبردست بارش ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق دباؤ کا علاقہ مستحکم ہے اور جافنا (سری لنکا) سے تقریباً 600 کلومیٹر مشرق، کرائیکل سے 630 کلومیٹر جنوب مشرق اور چنئی سے 670 کلومیٹر مشرق-جنوب مشرق میں واقع ہے۔ دباؤ اگلے 48 گھنٹوں کے دوران شمال تمل ناڈو-پڈوچیری اور جنوبی آندھرا پردیش کے ساحلوں کی طرف مغرب-شمال مغرب کی طرف بڑھنے کا قوی امکان ہے۔ اس کے زیر اثر ساحلی آندھرا پردیش اور شمالی تمل ناڈو اور رائلسیما میں آج شام سے ہلکی سے درمیانی بارش ہوسکتی ہے۔جنوب مغربی اور ملحقہ مغربی وسطی خلیج بنگال اور آندھرا پردیش، تمل ناڈو، پڈوچیری اور سری لنکا کے ساحلوں کے ساتھ ساتھ اگلے تین دنوں تک 45-55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے 65 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔