’سیاست میں کنبہ پروری ڈاکٹر امبیڈکر کے اقدار کے مطابق غیر جمہوری ‘
لکھنؤ، دسمبر۔اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کو معمارآئین ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو ان کی 66 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں خاندان پرستی بابا صاحب کے اقدار کےمطابق خلاف جمہور ہے۔یوگی نے امبیڈکر سبھا کے زیر اہتمام منعقد ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی (ایس پی)، بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) اور کانگریس کو سیاست میں کنبہ پر مبنی سیاست کی زندہ مثالیں قرار دیا۔ ڈاکٹر امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا’’ بابا صاحب کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے یہ جاننا ہوگا کہ ایک سیاسی پارٹی پر ایک کنبہ کا قبضہ ہونا غیر جمہوری ہے۔ موروثی پارٹی کا سربراہ بننا جمہوریت کے خلاف ہے۔ خاندانی جماعتوں کا طرز عمل بھی جمہوری نہیں ہو سکتا۔ ایس پی-بی ایس پی-کانگریس تینوں اس کی زندہ مثالیں ہیں۔قابل ذکر ہے کہ ہر سال 6 دسمبر کو ڈاکٹر امبیڈکر کی یوم وفات کو مہاپری نروان دوس کے طور پر منایا جاتا ہے۔ یوگی نے کہا کہ کسی بھی ملک کا آئین اس کی حکمرانی کے لیے رہنما کتاب ہوتا ہے۔ جو ملک کو منظم اقدار کے ساتھ آگے بڑھنے کی تحریک دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر نے ایک آئین بنا کر ہندوستان کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے قابل بنایا جس میں اس طرح کے منظم نظام حکومت کے کامیاب آپریشن کا راستہ دکھایا گیا۔کانگریس کا نام لیے بغیر، انہوں نے اس پر جمہوریت کا قتل کرنے کا الزام لگایا اور کہا، ’’کچھ لوگوں نے ایمرجنسی کے دوران آئین کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی۔ جمہوریت کو پامال کرنے کی کوشش کی۔ اس وقت ملک نے متحد ہو کر ان کے خلاف جوابی کارروائی کی۔اس سے پہلے، انہوں نے ٹویٹ کیا اور کہا، "عظیم ماہر قانون، سماجی انصاف کے مضبوط وکیل، ہندوستانی آئین کے معمار، ‘بھارت رتن بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر جی کو ان کے مہاپری نروان دوس پر خراج عقیدت۔ ملک کی تعمیر اور مساوات پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیے آپ کا کام سب کے لیے ایک عظیم ترغیب ہے۔