سال رواں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا: لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے
سری نگر، ستمبر- سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے نے کہا ہے کہ سال رواں کے دوران جموں و کشمیر میں سرحدوں پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا ایک بھی واقعہ پیش نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ جنگجوؤں کی طرف سے دراندازی کرنے کی کچھ کوششیں کی گئیں لیکن ان میں سے صرف دو کوششیں کامیاب ہو سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ جس نے بندوق اٹھایا ہے اس کو مارا یا پکڑا جائے گا۔موصوف جی او سی نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا ہے۔انہوں نے کہا: سال رواں کے دوران سرحدوں خاص کر کشمیر کے سرحدوں پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا تاہم ہم کسی بھی خلاف ورزی کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں ۔لیفٹیننٹ جنرل پانڈے نے کہا کہ جنگجوؤں کی طرف سے دراندازی کی کئی کوششیں ہوئیں جن میں سے دو کامیاب ہوئیں۔انہوں نے کہا: دراندازی کی کچھ کوششیں ہوئیں جن میں سے صرف دو کامیاب ہوئیں ۔غیر ملکی جنگجوؤں کی موجودگی کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں موصوف جی او سی نے کہا: یہاں 60 سے 70 غیر ملکی جنگجو موجود ہونے کا امکان ہے لیکن ان کی حکمت عملی یہ ہے کہ وہ جنگجویانہ سرگرمیاں انجام دینے کی بجائے یہاں کے نوجوانوں کو بندوق اٹھانے کے لئے تیار کر رہے ہیں ۔ان کا مزید کہنا تھا: ان نوجوانوں سے انکوائنٹر کرائے جا رہے ہیں جن میں یہ مارے جاتے ہیں تاکہ لوگ فوج سے ناراض ہو جائیں ۔لیفٹیننٹ جنرل پانڈے نے کہا کہ جس نے بھی بندوق اٹھائی ہے اس کو مارا یا پکڑا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم جنگجوؤں کے اہلخانہ سے مل رہے ہیں تاکہ وہ ان (جنگجوؤں) کو خود سپردگی اختیار کرنے کے لئے منوا سکیں۔