روزگار اور خود روزگار ریاستی حکومت کی ترجیح: شیوراج

بھوپال، اگست۔مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ ریاست میں مرکزی اور ریاستی حکومت کی اسکیموں میں شروع کیے جانے والے 17 کلسٹروں کی تعمیر کا عمل ایک ماہ میں شروع کیا جائے۔ روزگار اور خود روزگار ریاستی حکومت کی ترجیحات میں ہے۔مسٹر چوہان آج یہاں وزارت میں بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں کے محکمے کی جائزہ میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔ بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں کے وزیر اوم پرکاش سکھلیچہ، چیف سکریٹری اقبال سنگھ بینس اور محکمہ کے افسران اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فارما، فرنیچر، ریڈی میڈ گارمنٹس، فوڈ پروسیسنگ اور کھلونا مینوفیکچرنگ میں بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کلسٹرز کا کام اولین ترجیح پر مکمل کیا جائے۔ صنعتی پارکس کی تعمیر کا عمل بھی تیز کیا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایسے نظام کو یقینی بنایا جائے جس میں نوجوانوں کو آسان ماحول اور ضروری مراعات فراہم کی جائیں تاکہ نوجوانوں کو صرف روزگار ہی نہیں بلکہ خود روزگار کے لیے بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں سے منسلک کیا جا سکے۔ سیلف ایمپلائمنٹ اسکیموں کے تحت گرانٹ کی رقم براہ راست استفادہ کنندہ کے کھاتوں میں آن لائن منتقل کرنے کے لیے پورٹل اپ گریڈیشن کا کام مکمل کریں۔ تمام ضلع کلکٹر ہر ماہ منعقد ہونے والے یوم روزگار میں زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو شامل کریں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہئے کہ نوجوانوں کو مکھیہ منتری اُدم کرانتی یوجنا، ایم ایس ایم ای پروٹشاہن یوجنا اور مدھیہ پردیش اسٹارٹ اپ پالیسی میں سرمایہ کاری میں مدد جیسی اسکیموں کے فوائد حاصل کرنے میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Related Articles