راہل نے جوشی مٹھ واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا
نئی دہلی، جنوری۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اتراکھنڈ کے جوشی مٹھ میں مٹی کے تودے گرنے کے واقعات پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں کی تصویریں خوفناک ہیں اور لوگوں کو راحت پہنچانے کے لیے فوری طور پر سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک فیس بک پیغام میں مسٹر گاندھی نے کہاکہ "اتراکھنڈ کے جوشی مٹھ سے آنے والی تصویریں بہت خوفناک ہیں، جنہیں دیکھ کر میں بہت پریشان ہوں۔ گھروں میں چوڑے شگاف، پانی کا بہاؤ، زمین میں دراڑیں اور سڑکوں کا خستہ حال ہونا انتہائی تشویشناک ہے۔ ایک حادثے میں تودے گرنے سے بھگوتی مندر بھی منہدم ہو گیا۔انہوں نے کہاکہ ‘آج جوشی مٹھ کے لوگ فطرت کے خلاف پہاڑوں پر مسلسل کھدائی اور غیر منصوبہ بند تعمیرات کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ اس سخت سردی میں اس آفت نے لوگوں کے گھروں کو چھین لیا ہے۔مسٹر گاندھی نے وہاں موجود تمام کانگریسی کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد لوگوں کی مدد کریں اور انہیں محفوظ مقامات پر پہنچانے میں مدد کریں۔ انہوں نے اتراکھنڈ حکومت پر بھی زور دیا ہے کہ وہ اس سخت موسم میں لوگوں کا نوٹس لے اور ان کی فوری بحالی کا انتظام کرے اور مندر کی حفاظت کو یقینی بنائے۔