راہل نے بھارت جوڑو یاترا کے دوران لوگوں کے مسائل سنے
بوندی، دسمبر۔ کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی نے آج اپنی بھارت جوڑو یاترا کے دوران لوگوں کے مسائل سنے ۔ مسٹر راہل گاندھی کے دورے کے صبح کے سیشن میں یاتریوں نے بوندی ضلع کے بلدیو پورہ گاؤں سے لبان گاؤں کے سی اے ڈی کیمپس تک پدیاترا کی، اس دوران پہلے ہاڑوتی کسان یونین، راجستھان کے نمائندے اور اس کے بعد اطلاعات اور روزگار کے حقوق مہم اور مزدور کسان شکتی تنظیم کے نمائندے مسٹر راہل گاندھی کے ساتھ چلے۔ ہاڑوتی کسان یونین کے نمائندوں نے کیشاورائی پٹن میں بند پڑی شوگر مل اور نہروں میں پانی سے متعلق مسئلہ اٹھایا۔ ان کا مطالبہ تھا کہ جس طرح خریف کی فصلوں کے لیے نہر میں پانی آتا ہے اسی طرح ربیع کی فصلوں کے لیے بھی پانی دستیاب ہونا چاہیے۔ یاترا کے دوران اطلاعات اور روزگار کے حقوق مہم اور مزدور کسان شکتی تنظیم کے نمائندوں نے آزاد، خانہ بدوش اور نیم خانہ بدوش برادریوں سے متعلق مسائل پر مسٹر راہل گاندھی سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑا مسئلہ شناخت کا بتایا۔ ان کے پاس آدھار کارڈ یا کوئی دوسرا شناختی کارڈ نہیں ہوتا کیونکہ ان کا کوئی مستقل پتہ نہیں ہے۔ وہ ایک جگہ سے دوسری جگہ گھومتے رہتے ہیں۔ شناختی کارڈ نہ ملنے کی وجہ سے انہیں کسی بھی قسم کی سرکاری اسکیموں کا فائدہ نہیں ملتا۔ ساتھ ہی وہ چاہتے تھے کہ حکومت ان کے روایتی فنون کو بھی فروغ دے۔ مسٹر راہل گاندھی نے یاترا پر چلتے ہوئے سنجیدگی سے ان کے مسائل سنے اور ان کے ساتھ آنے والے ریاستی کانگریس صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا سے کہا کہ وہ وزیر اعلی اشوک گہلوت سے بات کرکے ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں۔