رانیل وکرما سنگھے اس ماہ کریں گے ہندوستان کا دورہ
کولمبو/نئی دہلی، مئی۔ سری لنکا کے نئے مقرر وزیر اعظم رانیل وکرما سنگھے کے اس ماہ ہندوستان کا دورہ کرنے اور وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی توقع ہے۔ یہ اطلاع ایک میڈیا رپورٹ میں دی گئی ہے۔ نیوز کٹر نے سری لنکا کے وزیر اعظم کے قریبی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ’’دورے کے دوران مسٹر وکرما سنگھے کی ہندوستانی وزیر اعظم اور دیگر اعلیٰ سطحی شخصیات سے بھی ملاقات متوقع ہے‘‘۔ دونوں لیڈروں کے درمیان ملاقات میں غیرمعمولی معاشی بحران کا شکار سری لنکا کو مالی امداد دینے کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔ ہندوستان جون میں سری لنکا کو مزید 50 کروڑ امریکی ڈالر کی لائن آف کریڈٹ ٹرانسفر کرنے کی بھی توقع ہے۔ اسے ضروری ایندھن اور ضروری اشیاء کی خریداری کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ جمعہ کو ہندوستانی ہائی کمشنر گوپال باگلے نے نئے وزیر اعظم وکرما سنگھے سے ملاقات کی، جس کے دوران دونوں فریقین نے تبادلہ خیال کیا۔ مسٹر وکرما سنگھے نے کہا ہے کہ نئی حکومت کے تحت سری لنکا اور ہندوستان کے تعلقات بہت بہتر ہوں گے۔ جمعرات کو اپنی تقرری کے بعد ہندوستان سری لنکا تعلقات پر ایک سوال کے جواب میں، انہوں نے کہا ’’یہ بہت بہتر ہو جائے گا‘‘۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے جزیرائی ملک کی مشکلات سے دوچار معیشت کو بہتر بنانے کا چیلنج لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے معیشت کو اوپر اٹھانے کا چیلنج لیا ہے اور مجھے اسے پورا کرنا ہوگا۔ یونائیٹڈ نیشنل پارٹی (یو این پی) کے لیڈر وکرما سنگھے کو جمعرات کو کولمبو میں صدر گوٹابایا راجا پکشے نے وزیراعظم کے عہدے کا حلف دلایا۔ وہ اس سے قبل پانچ مواقع پر سری لنکا کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔ وزیر اعظم کے طور پر اپنے پچھلے دور میں، مسٹر وکرما سنگھے نے چار مواقع ۔ اکتوبر 2016، اپریل 2017، نومبر 2017 اور اکتوبر 2018 پر ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ مسٹر مہندا راجا پکشے کے وزیر اعظم کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد، ہندوستان نے منگل کو کہا کہ وہ سری لنکا کی جمہوریت، استحکام اور اقتصادی بحالی کی ’’مکمل حمایت‘‘ کرتا ہے۔ ہندوستان نے اس سال سری لنکا کے لوگوں کو ان کی موجودہ مشکلات پر قابو پانے میں مدد کے لیے 3.5 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ کی امداد فراہم کی ہے۔ ساتھ ہی خوراک اور ادویات جیسی ضروری اشیاء کی قلت کو دور کرنے کے لیے بھی مدد فراہم کی گئی ہے۔